اہم خبریںپاکستان کی خبریں

ضلع کرم میں مسلسل آئی ای ڈی دھماکے تشویشناک ہیں، امن دشمن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے: علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد): قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ اور سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ضلع کرم میں مسلسل ہونے والے آئی ای ڈی دھماکوں اور دہشت گردانہ کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے امن دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ضلع کرم میں مسلسل آئی ای ڈی دھماکے انتہائی تشویشناک ہیں۔ علاقے میں پہلے ہی آمدورفت کا بنیادی راستہ طویل عرصے سے بند ہے، جبکہ لوئر کرم، صدہ اور دیگر علاقوں میں بھی دہشت گرد حملے ہو چکے ہیں۔ انہوں نے حالیہ ڈرون حملے میں خواتین اور بچوں کے زخمی ہونے کے واقعات کو بھی انتہائی افسوسناک قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی جیسے قومی دن کے موقع پر پیواڑ اور ڈنڈر میں آئی ای ڈی دھماکوں کا ہونا نہایت تشویش اور افسوس کا باعث ہے۔ مسلسل دہشت گردانہ کارروائیوں کے باعث علاقے میں خوف و ہراس اور غیر یقینی کی کیفیت پیدا ہو رہی ہے، جس کا فوری تدارک ناگزیر ہے۔

قائدِ حزبِ اختلاف نے مطالبہ کیا کہ ضلع کرم کے امن کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے حکومت پر زور دیا کہ ضلع کرم کے عوام پہلے ہی شدید مشکلات سے دوچار ہیں، اس لیے ان کی بنیادی مشکلات کے خاتمے کے لیے مین روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے فوری طور پر کھولنے کے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ صورتحال کے باعث مین روڈ کھولنا ممکن نہیں تو سائیڈ شورکو روڈ کو ہنگامی بنیادوں پر تعمیر کرکے قابلِ استعمال بنایا جائے، تاکہ عوام کو آمدورفت کی سہولت فراہم ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرم کے عوام کو مزید مشکلات، خوف اور غیر یقینی کی کیفیت میں نہیں رکھا جا سکتا۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے ساتھ ساتھ عوام کے بنیادی سفری، معاشی اور انسانی مسائل کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات کرے۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *