وحدت نیوز نیٹ ورک : مجلس علماء امامیہ کے سربراہ اور مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے سیکرٹری امورِ خارجہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (آئی ایس او) پاکستان کے 54ویں یومِ تاسیس کے موقع پر تنظیم کے تمام سابقین، اراکین، کارکنان اور ذمہ داران کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان نوجوانانِ ملتِ جعفریہ کی دینی، فکری، تعلیمی اور انقلابی تربیت کا ایک مضبوط اور مؤثر ادارہ ہے، جس نے اپنی 54 سالہ تاریخ میں ملتِ مظلوم کی ترجمانی، نظریاتی بیداری، وحدتِ امت کے فروغ اور دفاعِ وطن کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان ایک شجرۂ طیبہ کی حیثیت رکھتی ہے جس نے مختلف ادوار میں نوجوان نسل کی کردار سازی، شعور کی آبیاری اور قومی و ملی ذمہ داریوں کے احساس کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ علم، شعور، اخلاق اور عملی جدوجہد کو اپنا شعار بناتے ہوئے معاشرے میں مثبت اور دیرپا تبدیلی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
ڈاکٹر شیرازی نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئی ایس او پاکستان اپنی درخشاں روایات کو برقرار رکھتے ہوئے آئندہ بھی ملتِ جعفریہ پاکستان کی بہترین انداز میں رہنمائی کرتی رہے گی اور نوجوانوں کی تربیت و رہنمائی کے ذریعے قومی و ملی خدمات کا سفر جاری رکھے گی۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس عظیم تنظیم کو مزید ترقی، استحکام اور کامیابیوں سے ہمکنار فرمائے اور اسے دین، ملت اور وطن کی خدمت کے لیے مزید مؤثر کردار ادا کرنے کی توفیق عطا کرے۔








