علامہ سید علی محمد نقوی کا خطاب؛ شہداء کی قربانیوں، عظیم مرتبے اور قربِ الٰہی کے حصول پر روشنی ڈالی
وحدت نیوز نیٹ ورک (اصفہان): مجلس وحدت مسلمین شعبۂ اصفہان کے زیرِ اہتمام قائدِ مقاومت شہید علامہ سید حسن نصر اللہؒ کی دوسری برسی اور مرحوم محمد رفیق، حافظ علی عمار یاسر اور سیدہ عفت نقوی کے ایصالِ ثواب کے لیے مجلسِ تکریمِ شہداء کا انعقاد کیا گیا، جس میں علمائے کرام، محبانِ اہلِ بیتؑ اور عزاداران نے شرکت کی۔
مجلس سے حجۃ الاسلام والمسلمین استاد العلماء علامہ سید علی محمد نقوی، مدیرِ مدرسہ الولایہ اسلام آباد، نے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں شہداء کی فضیلت، ان کی عظیم قربانیوں اور بارگاہِ الٰہی میں ان کے بلند مرتبے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اسلام کی سربلندی، رضائے الٰہی اور مظلوموں کی حمایت کے لیے جدوجہد کرتے ہیں اور اس راہ میں اپنی جان قربان کر دیتے ہیں، وہ اللہ تعالیٰ کے ہاں عظیم مقام و مرتبے کے حامل ہوتے ہیں۔
علامہ سید علی محمد نقوی نے قرآنِ کریم کی آیتِ مبارکہ «إِنَّ اللَّهَ اشْتَرَىٰ مِنَ الْمُؤْمِنِينَ أَنْفُسَهُمْ وَأَمْوَالَهُمْ بِأَنَّ لَهُمُ الْجَنَّةَ» کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مومنین کی جانوں اور مالوں کو جنت کے بدلے خرید لیا ہے۔ تاہم شہداء کے لیے جنت کی نعمتوں کے ساتھ قربِ الٰہی اور رضوانِ الٰہی کا حصول بھی ایک عظیم انعام ہے، جس کی عظمت کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء وہ عظیم ہستیاں ہیں جنہوں نے اللہ تعالیٰ سے کیے گئے اپنے عہد کو نبھاتے ہوئے دینِ اسلام کی سربلندی اور مظلومین کی حمایت کے لیے اپنی زندگیاں وقف کر دیں۔ شہید امام خامنہ ای اور شہید سید حسن نصر اللہؒ جیسی شخصیات نے اپنی زندگیوں کو راہِ خدا میں قربان کرکے ایثار، استقامت اور مظلوموں کی حمایت کی روشن مثالیں قائم کیں۔
علامہ سید علی محمد نقوی نے زور دیا کہ شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ان کی یاد، ان کے افکار اور ان کے مشن کو زندہ رکھا جائے اور حق و انصاف کی راہ میں ثابت قدم رہا جائے۔
مجلس کے دوران ذاکرِ اہلِ بیتؑ برادر شہزاد رفیق جعفری نے نوحہ خوانی کی، جبکہ مجلس کی نظامت کے فرائض مولانا غازی رضا نقوی نے انجام دیے۔
مجلس کے اختتام پر مجلس وحدت مسلمین شعبۂ اصفہان کے نائب صدر مولانا سید اسرار عباس نقوی نے علامہ سید علی محمد نقوی اور مجلس میں شریک تمام عزاداران و شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں شرکاء کے لیے نیازِ فاطمیؑ کا وسیع اہتمام کیا گیا۔
مجلس وحدت مسلمین شعبۂ اصفہان








