اہم خبریںپاکستان کی خبریں

پاکستان میں تبلیغِ دین کے وسیع امکانات، مبلغین کو مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ مولانا سید فرخ مھدی

وحدت نیوز نیٹ ورک (مشہد مقدس): مؤسسہ شہید عارف الحسینی، دفتر مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ مشہد مقدس میں ہفتہ وار خصوصی علمی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں جناب مولانا سید فرخ مہدی نے ’’مبلغین و تبلیغی ظرفیت در پاکستان‘‘ کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا۔

مولانا سید فرخ مہدی نے اپنے خطاب میں پاکستان میں تبلیغِ دین اور دینی فعالیت کے موجودہ امکانات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں علماء اور مبلغین کے لیے تبلیغ و خدمتِ دین کا میدان نہایت وسیع ہے۔ معاشرے میں دین کی صحیح تعلیمات، اخلاقی اقدار اور معارفِ اہل بیت علیہم السلام کے فروغ کے لیے متعدد مواقع موجود ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان مواقع کو منظم منصوبہ بندی اور مؤثر تبلیغی حکمتِ عملی کے ذریعے بروئے کار لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عوامی سطح پر دینی و تبلیغی سرگرمیوں کے لیے مثبت ظرفیت موجود ہے اور عملی میدان میں فعال کردار ادا کرنے والے علماء و مبلغین کے ساتھ عوام بھرپور تعاون کے لیے آمادہ ہیں۔ مبلغین کو چاہیے کہ وہ معاشرے کی ضروریات اور عصرِ حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی تبلیغی فعالیت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں، تاکہ پیغامِ دین مؤثر انداز میں معاشرے کے مختلف طبقات تک پہنچایا جا سکے۔

خصوصی نشست کے دوران مولانا سید فرخ مہدی نے اپنے ادارے ’’خودی‘‘ اور بالخصوص ’’ہمدرد ہاؤس‘‘ کی تعلیمی و سماجی سرگرمیوں کا بھی تعارف پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہمدرد ہاؤس نے مختصر مدت میں نمایاں پیش رفت کی ہے اور اس وقت تقریباً ڈیڑھ سو بچوں اور بچیوں کی تعلیم، تربیت اور کفالت کی ذمہ داری ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے ہمدرد ہاؤس کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کا بنیادی مقصد مستحق بچوں اور بچیوں کو معیاری تعلیم، تربیت اور ضروری سہولیات فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ مستقبل میں معاشرے کے فعال، باصلاحیت اور ذمہ دار افراد کی حیثیت سے اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

نشست میں علماء، طلاب اور دینی و سماجی حلقوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان میں تبلیغِ دین کے امکانات، مبلغین کی ذمہ داریوں اور دینی و سماجی خدمت کے مختلف پہلوؤں پر مفصل اور مفید گفتگو ہوئی۔

نشست کے اختتام پر اس امر پر زور دیا گیا کہ پاکستان میں موجود وسیع تبلیغی، تعلیمی اور سماجی ظرفیت کو منظم انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے دینی تعلیم، تربیت اور معاشرتی خدمت کے میدان میں مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *