وحدت نیوز نیٹ ورک (قم المقدسہ) : 25 ستمبر 2026ء: مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے دفتر میں شوریٰ عمومی اور کابینہ کا ایک اہم مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں حوزۂ علمیہ قم کے سینئر علماء و بزرگان، مختلف مدارس کے ذمہ داران اور مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے سابقہ نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد شعبہ قم کی گزشتہ مدت کی تنظیمی و عملی سرگرمیوں کا جائزہ لینے، موجودہ صورتحال کا تجزیہ کرنے اور مستقبل کی فعالیت کے لیے مؤثر لائحۂ عمل مرتب کرنے کے سلسلے میں آراء، تجاویز اور مشاورت حاصل کرنا تھا۔
اجلاس کے دوران شوریٰ عمومی کے اراکین نے مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کی کابینہ کی گزشتہ مدت کے دوران انجام دی جانے والی تنظیمی و اجتماعی خدمات کو سراہتے ہوئے اراکین کی حوصلہ افزائی اور قدردانی کی۔ اس موقع پر تنظیمی امور میں مزید بہتری، فعالیت کے دائرۂ کار میں توسیع اور کارکردگی کو مؤثر و نتیجہ خیز بنانے کے حوالے سے مختلف آراء اور تجاویز بھی پیش کی گئیں۔
شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ مجلس وحدت مسلمین ایک قومی سطح کی سیاسی و مذہبی جماعت کی حیثیت سے اپنے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے، باہمی روابط کو فروغ دینے اور اجتماعی فعالیت میں بہتری کے لیے مشاورت اور باہمی تعاون کے عمل کو مسلسل جاری رکھے۔
کابینہ کے اراکین نے شوریٰ عمومی کے اراکین کی جانب سے پیش کی جانے والی آراء، تجاویز اور تنقیدی نکات کو خندہ پیشانی سے سنا اور انہیں تنظیمی بہتری کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے سنجیدگی سے غور کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ باہمی تعاون، مشاورت اور اتحاد و اتفاق کے ذریعے تنظیمی اہداف کے حصول کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کی فعالیت کو مزید منظم، مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے شوریٰ عمومی، کابینہ، علماء، مدارس کے ذمہ داران اور سابقہ نمائندگان کے تجربات اور مشاورت سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر تنظیمی امور میں مزید توفیق، اتحاد و اتفاق اور ملتِ اسلامیہ کی خدمت کے لیے دعا کی گئی، جس کے بعد یہ اہم مشاورتی نشست دعائیہ کلمات کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم








