اہم خبریںپاکستان کی خبریں

گورنر راج کا نفاذ اور سہیل آفریدی کی گرفتاری؛ کیا یہ عوامی مینڈیٹ پر حملہ نہیں؟ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

وحدت نیوز نیٹ ورک: (اسلام آباد) : 11 اکتوبر 2026ء: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین اور قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ، منتخب صوبائی حکومت کے اختیارات کی معطلی اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی گرفتاری سے متعلق اطلاعات پر شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان اقدامات کو عوامی مینڈیٹ، آئینی بالادستی اور جمہوری اقدار کے لیے سنگین تشویش کا باعث قرار دیا ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ عوام کے منتخب نمائندوں اور صوبائی حکومت کو طاقت کے ذریعے ہٹانا عوام کے حقِ حکمرانی اور جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔ ان کے مطابق عوامی مینڈیٹ کا احترام، آئین کی بالادستی اور سیاسی حقوق کا تحفظ کسی حکومت کا احسان نہیں بلکہ عوام کا بنیادی حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش سکیورٹی چیلنجز اور دہشت گردی جیسے سنگین مسائل سے نمٹنے کے لیے عوامی اعتماد، سیاسی استحکام، انصاف اور مؤثر حکمتِ عملی ناگزیر ہیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ پائیدار امن محض طاقت کے استعمال سے قائم نہیں کیا جا سکتا، بلکہ اس کے لیے عوام کا اعتماد حاصل کرنا اور سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنا ضروری ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خبردار کیا کہ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری سے پہلے ہی مشکلات کا شکار عوام کے سیاسی حقوق محدود کرنے اور منتخب نمائندوں کے خلاف سخت اقدامات سے سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ آئینی و جمہوری راستوں کو مضبوط بنانے کے بجائے انہیں محدود کرنا ملک کے سیاسی استحکام کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے مؤقف میں واضح کیا کہ عوامی مینڈیٹ کو نظرانداز کرنا اور سیاسی حقوق کو محدود کرنا جمہوری نظام کے لیے نقصان دہ ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کا استحکام آئین کی بالادستی، جمہوری اقدار کے احترام اور عوام کے ووٹ کی حرمت میں مضمر ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین اور قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئین، جمہوریت اور عوام کے حقِ حکمرانی کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *