وحدت نیوز نیٹ ورک (اصفہان): مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے زیر اہتمام ہفتہ دفاع مقدس کے موقع پر ایک پروقار نشستِ بصیرتی کا انعقاد کیا گیا، جس میں معروف کالم نگار و خطیب محترم شیخ بشیر دولتی نے خصوصی خطاب کیا۔
نشست کا باقاعدہ آغاز آقای قاری طالب حسین نے تلاوتِ کلامِ الٰہی سے کیا، جس کے بعد برادر محترم مولانا سید اسرار عباس نقوی نے مہمانِ خصوصی و خطیب محترم شیخ بشیر دولتی کو اصفہان میں خوش آمدید کہا۔
نشست سے خطاب کرتے ہوئے معروف کالم نگار شیخ بشیر دولتی نے ہفتہ دفاع مقدس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دفاع مقدس کے ایام نے ملتِ شجاع ایران اور دنیا بھر کے حریت پسندوں کو دشمن کے مقابلے میں قیام اور استقامت کا درس دیا۔ ان ایام نے عملی طور پر یہ ثابت کیا کہ کس طرح عزم، اتحاد اور استقامت کے ذریعے دشمن کے مقابلے میں ڈٹ کر کھڑا ہوا جا سکتا ہے۔
انہوں نے تنظیمی فعالیت کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ تنظیمیں افراد کی فکری تربیت اور انہیں عملی میدان میں متحرک کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ ہمیں اپنی استطاعت اور ذمہ داریوں کے مطابق اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرنے کی بھرپور کوشش کرنی چاہیے۔
شیخ بشیر دولتی نے موجودہ دور میں جہادِ تبیین کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں جھوٹ، فریب اور گمراہ کن پروپیگنڈے کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر ہماری اہم ذمہ داری ہے کہ جہادِ تبیین کے ذریعے حقائق کو عوام تک پہنچایا جائے، بالخصوص عالمِ تشیع اور جبهۂ مقاومت کے حوالے سے پھیلائے جانے والے منفی پروپیگنڈے کا علمی اور منطقی انداز میں مقابلہ کیا جائے، تاکہ معاشرے کو فکری بے راہ روی سے محفوظ رکھا جا سکے۔
نشست کے اختتام پر صدر مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان نے محترم شیخ بشیر دولتی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
نشست کا اختتام امام زمانہ حضرت حجت ابن الحسن عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی بارگاہ میں دعا کے ساتھ ہوا۔
مجلس وحدت مسلمین
شعبہ اصفہان








