وحدت نیوز نیٹ ورک (قم المقدسہ) :11 اکتوبر 2026ء: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ حسن ظفر نقوی نے مجلس وحدت مسلمین شعبۂ قم کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں تنظیم کی موجودہ و سابقہ کابینہ کے اراکین، مختلف مدارسِ علمیہ اور تشکلات کے ذمہ داران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر منعقدہ خصوصی نشست کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا۔ مجلس وحدت مسلمین شعبۂ قم کے مسؤول مولانا سید ذیشان حیدر الحسنی نے علامہ حسن ظفر نقوی کو شعبے کی تنظیمی سرگرمیوں، علمی و تبلیغی خدمات اور مختلف اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
نشست سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حسن ظفر نقوی نے پاکستان کی موجودہ صورتِ حال پر اظہارِ خیال کیا اور طلابِ علومِ دینیہ کی فکری و سیاسی تربیت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین اور قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی سیاسی و قومی خدمات اور ان کے سیاسی وژن کا تذکرہ کرتے ہوئے قومی و ملی مسائل کے حوالے سے سیاسی بصیرت، فکری آگاہی اور شعور کی ضرورت پر زور دیا۔
علامہ حسن ظفر نقوی نے طلاب کو تبلیغِ دین کے میدان میں مؤثر اور فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے بالخصوص علمِ کلام کے مطالعے اور مسائلِ خلاف پر خصوصی توجہ دینے کی تاکید کرتے ہوئے دینی و فکری مباحث میں علمی استعداد بڑھانے کی اہمیت واضح کی۔
نشست کے اختتام پر مولانا سید ذیشان حیدر الحسنی نے علامہ حسن ظفر نقوی کو رہبرِ معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ مجتبیٰ خامنہای کے حالاتِ زندگی پر مشتمل اردو زبان میں شائع ہونے والا مجلہ بطورِ ہدیہ پیش کیا۔ یہ مجلہ مجلس وحدت مسلمین شعبۂ قم کی علمی و اشاعتی کاوشوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد اردو خواں حلقوں تک اہم شخصیات کی سوانحِ حیات اور ان کے فکری پہلوؤں کو پہنچانا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین شعبۂ قم








