وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد) : 17 اگست 2026ء: چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان و قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بانیٔ تحریک انصاف عمران خان کی صحت اور جیل میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو ان کی صحت کے مطابق فوری اور مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ضرورت پڑنے پر انہیں اسپتال منتقل کیا جائے۔ انہوں نے ذاتی معالجین کو طبی معائنے کی اجازت دینے پر بھی زور دیا تاکہ ان کی صحت سے متعلق خدشات کا شفاف انداز میں ازالہ کیا جا سکے۔
قائدِ حزبِ اختلاف نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن انسانی جان، بنیادی حقوق اور قانون کی بالادستی سب کے لیے یکساں ہونی چاہیے۔ انہوں نے سیاسی کارکنوں کے حقوق کے تحفظ اور ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ بھی کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اپوزیشن آئین، قانون کی حکمرانی، جمہوری اقدار اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے پارلیمان کے اندر اپنی آواز بھرپور انداز میں بلند کرتی رہے گی۔








