وحدت نیوز نیٹ ورک (قم المقدسہ): مدرسہ بعثت کے ٹرسٹ کے وائس چیئرمین حجۃ الاسلام والمسلمین سید مہدی کاظمی اور حجۃ الاسلام والمسلمین عمران نواز نے بدھ، 9 ستمبر 2026ء کو مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں شعبہ قم کے مسؤول حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید ذیشان حیدر الحسنی اور کابینہ کے اراکین نے ان کا خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر ایک صمیمی اور دوستانہ نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کی موجودہ سیاسی و سماجی صورتحال، دینی و حوزوی سرگرمیوں، مدارس و مکاتب کی اہمیت اور ملتِ تشیع کو درپیش مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
نشست کے دوران حجۃ الاسلام والمسلمین سید مہدی کاظمی اور حجۃ الاسلام والمسلمین عمران نواز نے پاکستان کے موجودہ حالات اور وہاں درپیش مختلف مسائل کے حوالے سے شرکائے نشست کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں دینی مدارس و مکاتب کے کردار، دینی تعلیم کے فروغ اور بالخصوص نئی نسل اور نوجوان طلاب کو دینی تعلیم کی جانب راغب کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر بھی گفتگو ہوئی۔
شرکائے نشست نے اس امر پر زور دیا کہ مدارس اور دینی مراکز معاشرے میں دینی شعور، فکری بالیدگی اور اخلاقی اقدار کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ اس لیے نئی نسل کو دینی تعلیم اور اسلامی معارف سے وابستہ رکھنے کے لیے منظم اور مؤثر حکمتِ عملی اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ملاقات کے دوران مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مختلف تنظیمی و دینی فعالیتوں، تنظیمی امور اور علماء و عوام کے درمیان مضبوط و مؤثر رابطے کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکائے نشست نے اس بات پر اتفاق کیا کہ علماء اور عوام کے درمیان مسلسل رابطہ، باہمی تعاون اور اجتماعی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد موجودہ حالات میں نہایت اہمیت کی حامل ہے۔
نشست کے اختتام پر پاکستان میں دینی و ملی امور کے فروغ، علماء و عوام کے درمیان روابط کے استحکام اور ملتِ تشیع کے اجتماعی مسائل کے حل کے لیے باہمی تعاون اور رابطے کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔








