اہم خبریںپاکستان کی خبریں

27 ستمبر کے احتجاج اور آل پارٹیز کانفرنس کی تیاریوں پر اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس

وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد): سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے چیمبر میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، 27 ستمبر کے احتجاج اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، بیرسٹر سلمان اکرم راجہ، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، شہرام خان ترکئی، فردوس شمیم نقوی، ایم ڈبلیو ایم کے ترجمان سید محسن شہریار اور حسین اخوندزادہ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران 27 ستمبر کو ہونے والے احتجاج کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو احتجاج کے حوالے سے بھرپور تیاری کرنے اور سیاسی و تنظیمی سطح پر مؤثر حکمتِ عملی اختیار کرنے کی ہدایات دیں۔

اجلاس میں ملک کے بگڑتے ہوئے سیاسی حالات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر جلد از جلد تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا اور آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کی کوشش کی جائے گی، تاکہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو ایک مشترکہ سوچ اور متفقہ لائحہ عمل پر جمع کیا جا سکے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 15 ستمبر کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اہم اجلاس منعقد ہوگا، جس میں آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے لیے جاری رابطوں اور تیاریوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کو درپیش سیاسی و آئینی بحرانوں کے حل کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان باہمی مشاورت اور مشترکہ جدوجہد کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *