اہم خبریںبین الاقوامی خبریں

مجلس وحدت مسلمین شعبۂ قم کے زیرِ اہتمام سلسلۂ نشست ہائے “جہادِ تبیین” کے تحت ایک فکری و علمی نشست کا انعقاد

وحدت نیوز نیٹ ورک (قم المقدسہ) : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبۂ قم کے زیرِ اہتمام سلسلۂ نشست ہائے “جہادِ تبیین” کے تحت ایک فکری و علمی نشست منعقد ہوئی، جس میں اردو زبان سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نشست سے خطاب آیت اللہ عابدینی نے کیا، جنہوں نے “روایتِ الٰہی و قرآنی جنگِ رمضان” کے موضوع پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں حق و باطل کی تاریخی کشمکش کو قرآنی تناظر میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ موضوع محض ماضی تک محدود نہیں بلکہ موجودہ دور میں بھی مختلف صورتوں میں نمایاں ہے۔

انہوں نے “نبردِ تاریخیِ حق و باطل (اللہ و طاغوت)” پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انسانی تاریخ میں ہمیشہ دو فکری و اعتقادی محاذ موجود رہے ہیں—ایک الٰہی فکر اور دوسرا طاغوتی نظام۔ ان کے مطابق موجودہ دور میں یہ کشمکش فکری، ثقافتی اور ابلاغی میدانوں میں زیادہ شدت کے ساتھ سامنے آ رہی ہے، جس کے پیشِ نظر “جہادِ تبیین” کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

نشست کے دوران جن اہم نکات پر گفتگو کی گئی ان میں جبهۂ حق کی بنیادی قوتیں جیسے ایمان، بصیرت، اتحاد اور استقامت شامل تھیں، جبکہ عصرِ حاضر میں حق و باطل کی کشمکش اور اس کے مستقبل کا جائزہ بھی قرآنی تعلیمات کی روشنی میں پیش کیا گیا۔

آیت اللہ عابدینی نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ علمی و فکری میدان میں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور معاشرے میں صحیح معارف کے فروغ اور شکوک و شبہات کے ازالے کے لیے فعال کردار ادا کریں۔

نشست کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں طلبہ نے مختلف موضوعات پر سوالات کیے۔ شرکاء نے اس نوعیت کی علمی نشستوں کے تسلسل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *