وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد): قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ آف پاکستان اور سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ کی زیرِ صدارت اپوزیشن لیڈر چیمبر، پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور، اپوزیشن کی آئندہ حکمتِ عملی سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے دوران سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے عمران خان سے متعلق سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ میں عمران خان کے گزشتہ تین سال کے دوران کیے گئے طبی معائنوں اور علاج سے متعلق تفصیلات شامل ہیں۔
شرکائے اجلاس نے رپورٹ کے مختلف پہلوؤں اور اس کے مندرجات پر تفصیلی بحث کی، جبکہ موجودہ سیاسی و پارلیمانی صورتحال کے تناظر میں اپوزیشن کے آئندہ کے لائحۂ عمل پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں اپوزیشن کے پارلیمانی کردار کو مزید مؤثر بنانے اور اہم قومی و سیاسی امور پر باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاقِ رائے کا اظہار کیا گیا۔








