وحدت نیوز نیٹ ورک (قم المقدسہ ) :مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین حجۃ الاسلام آقای سید احمد اقبال رضوی کی قم آمد کے موقع پر 16 نومبر 2025 بروز اتوار شعبہ قم کے دفتر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صدر شعبہ قم حجۃ الاسلام آقای سید ذیشان حیدر الحسنی اور کابینہ کے تمام اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا، جس کے بعد صدر شعبہ قم نے معزز مہمان کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور کابینہ کا مختصر تعارف پیش کیا۔
اس موقع پر گذشتہ چھ ماہ کی تنظیمی اور علمی کارکردگی پر مشتمل ایک جامع رپورٹ پیش کی گئی، جس میں علمی پروگرامز، سیمینارز، ورکشاپس، تبلیغی سرگرمیوں، تنظیمی بہتری اور طلاب کی فکری و علمی تربیت کے لیے کی جانے والی کوششوں کا تفصیلی ذکر شامل تھا۔ اجلاس کے دوران آئندہ چھ ماہ کے لیے تیار کی گئی منصوبہ بندی بھی تحریری صورت میں پیش کی گئی، جس میں علمی و تحقیقی سرگرمیوں میں اضافہ، نوجوان طلاب کی تربیت، تنظیمی معاملات کی مضبوطی اور قم میں موجود پاکستانی طلاب و محققین کے ساتھ مزید موثر روابط کے قیام جیسے اہم نکات شامل تھے۔
حجۃ الاسلام آقای سید احمد اقبال رضوی نے شعبہ قم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے نہایت منظم، سنجیدہ اور مؤثر انداز میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قم جیسے علمی مرکز میں علمی و تحقیقی سرگرمیوں کو مزید تقویت دی جائے، تاکہ پاکستان کے لیے مضبوط فکری و علمی سرمایہ تیار ہو سکے۔ اجلاس کا اختتام دعائیہ کلمات کے ساتھ ہوا۔








