وحدت نیوز نیٹ ورک (قم المقدسہ ) : مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے زیر اہتمام 15 نومبر بروز ہفتہ ایک اہم اور پُر وقار تحلیلی سیاسی نشست منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں پاکستانی طلاب و شخصیات نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز “نگاہ نو — مغربی تمدن کی شناخت” کے عنوان سے منعقد ہونے والے علمی و فکری دورے کے اختتامیہ سے ہوا، جس میں دورے کے تمام شرکاء کی تجلیل کی گئی اور انہیں اعزازی اسناد سے نوازا گیا۔
شرکائے دورہ نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے اس علمی و فکری پروگرام کو نہایت مفید قرار دیا اور منتظمین سمیت اساتذہ کرام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس نوعیت کے مزید دوروں کے انعقاد کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ دورے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلاب کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے صدر حجۃ الاسلام سید ذیشان حیدر حسنی نے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلاب کی علمی، فکری اور معنوی تربیت شعبہ قم کا بنیادی ہدف ہے۔ انہوں نے شرکت کنندگان کی محنت اور فعالیت کو سراہتے ہوئے اس سلسلے کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
پروگرام کے دوسرے حصے میں پاکستان سے تشریف لائے ہوئے معزز مہمان، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین حجۃ الاسلام مولانا سید احمد اقبال رضوی نے جامع اور تفصیلی خطاب کیا۔ انہوں نے پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال، عوامی مشکلات، درپیش چیلنجز اور ایم ڈبلیو ایم کی جدوجہد و حکمتِ عملی پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی بیداری، اتحادِ ملت اور سیاسی استحکام آج کے دور کی بنیادی ضرورتیں ہیں۔
پروگرام کا اختتام دعائیہ کلمات پر ہوا۔ شرکاء نے اس مفید، جامع اور بامقصد نشست کے انعقاد پر ایم ڈبلیو ایم شعبہ قم کا شکریہ ادا کیا اور اسے لائقِ تحسین قرار دیا۔








