اہم خبریںپاکستان کی خبریں

شہید عارف حسین الحسینیؒ کی جدوجہد کا مرکز امتِ مسلمہ کی وحدت و سربلندی تھا : علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی

وحدت نیوز نیٹ ورک (قم المقدسہ): جامعہ روحانیت خیبر پختونخواہ کے زیرِ اہتمام عظیم مجاہد عالمِ دین شہید علامہ عارف حسین الحسینیؒ کی برسی اور حضرت آیت اللہ العظمیٰ امام خامنہ ایؒ کی شہادت کے چہلم کی مناسبت سے مسجد اعظم قم میں ایک پروقار اور عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی، جس میں علماء، طلاب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب کے خصوصی مقرر سیکرٹری امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے اپنے خطاب میں شہید امت، رھبرِ شہید حضرت امام سید علی خامنہ ای اور شہید علامہ عارف حسین الحسینیؒ کی علمی، فکری اور مجاہدانہ زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ شہید الحسینیؒ کی جدوجہد کسی مخصوص خطے، قوم یا جماعت تک محدود نہیں تھی، بلکہ ان کی فکر اور جدوجہد کا بنیادی مقصد امتِ مسلمہ کی عزت، وحدت، بیداری اور سربلندی تھا۔

انہوں نے شہید علامہ عارف حسین الحسینیؒ کی فکری میراث کو نئی نسل تک منتقل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو علماء اور شہداء کی علمی و عملی جدوجہد، افکار اور آرمانوں سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ ان عظیم شخصیات کی قربانیوں اور جدوجہد کا تسلسل آئندہ نسلوں تک برقرار رہے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے شہداء اور علمائے مجاہدین کے افکار و نظریات کو زندہ رکھنے اور ان کے پیغامِ وحدت و بیداری کو معاشرے اور بالخصوص نوجوان نسل تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *