اہم خبریںپاکستان کی خبریں

تحریک تحفظ آئین پاکستان اور پی ٹی آئی کے وفد کی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات، آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت

وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد) : قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ و چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی سربراہی میں تحریک تحفظ آئین پاکستان اور پاکستان تحریکِ انصاف کے قائدین پر مشتمل وفد نے امیر جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، جمہوری عمل، آئین کی بالادستی اور قومی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفد نے حافظ نعیم الرحمن کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

ملاقات میں جماعتِ اسلامی کی جانب سے نائب امیر لیاقت بلوچ، میاں محمد اسلم اور امیر جماعتِ اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا شریک تھے، جبکہ وفد میں چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر علی خان، سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، جنرل سیکرٹری تحریک تحفظ آئین پاکستان و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وائس چیئرمین تحریک تحفظ آئین پاکستان و سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر اور ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونزادہ حسین احمد یوسفزئی شامل تھے۔

ملاقات کے دوران ملک میں سیاسی استحکام، جمہوری روایات کے فروغ، آئین و قانون کی بالادستی اور قومی مسائل کے حل کے لیے تمام جمہوری و سیاسی قوتوں کے مابین رابطوں اور مشاورت کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ قومی مفاد، جمہوری اقدار اور آئینی بالادستی کے تحفظ کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان مکالمے، باہمی مشاورت اور تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *