اہم خبریںبین الاقوامی خبریں

علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی لبنانی و عرب میڈیا نمائندگان سے اہم نشست، پاکستان اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال

وحدت نیوز نیٹ ورک (بیروت):، یکم اکتوبر 2026ء، الباقر نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ اور بین الاقوامی ادارہ الباقر کے سربراہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے بیروت میں اپنے قیام کے دوران عرب اور لبنانی ذرائع ابلاغ کے نمائندگان، ممتاز تجزیہ نگاروں، ٹی وی میزبانوں اور صحافیوں کے ایک اہم فکری و تجزیاتی اجلاس سے خطاب کیا، جس میں پاکستان کی سیاسی صورتحال اور مشرقِ وسطیٰ سمیت خطے کے مجموعی حالات پر تفصیلی گفتگو اور تبادلۂ خیال کیا گیا۔

یہ اہم نشست علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کے دفتر میں منعقد ہوئی، جس میں مشرقِ وسطیٰ اور بین الاقوامی سطح کے معتبر ٹی وی چینلز، اخبارات اور خبر رساں اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے۔ ان میں المنار، المیادین، یو فیڈ، یو نیوز، الاتحاد نیوز، روزنامہ العہد اور خبر رساں ادارہ العہد کے صحافی شامل تھے۔ اس موقع پر ممتاز قلم کاروں، صحافیوں اور تجزیہ نگاروں، بالخصوص سید محمد صادق الحسینی اور شوقی عواضہ نے بھی شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال، عوامی تحریکوں، جمہوری عمل اور مجلس وحدت مسلمین کے سیاسی و قومی کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین اور قائد حزبِ اختلاف سینیٹ، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے پارلیمانی و سیاسی کردار کے حوالے سے بھی جامع گفتگو کی۔

انہوں نے پاکستان کی داخلی سیاسی صورتحال، عمران خان سے متعلق سیاسی تحریکوں، تحریکِ حقیقی آزادی اور پاکستان کی خارجہ پالیسی و بین الاقوامی تعلقات پر بھی اظہارِ خیال کیا، بالخصوص عالمی طاقتوں کے ساتھ ہونے والے معاہدوں اور سمجھوتوں کے تناظر میں انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ عوام اور پارلیمان کو اعتماد میں لیے بغیر کیے جانے والے فیصلے ملک و قوم کے مفادات کی حقیقی ترجمانی نہیں کر سکتے۔

نشست میں مشرقِ وسطیٰ اور خطے کی سیاسی و سلامتی کی صورتحال، امن کے امکانات، اسرائیل کی جانب سے جاری جارحیت اور مظالم، نیز ایران کے خلاف امریکی جارحیت کے تناظر میں یمن اور دیگر اسلامی ممالک کے کردار پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر عرب و لبنانی صحافیوں نے پاکستان کی داخلی صورتحال، عوامی رائے اور سیاسی پیش رفت سے متعلق مختلف سوالات اٹھائے، جن کے جواب میں علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے اپنا مؤقف اور تجزیہ پیش کیا۔

شرکائے اجلاس نے پاکستان اور خطے کے حالات کے حوالے سے علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کے مدلل اور جامع تجزیے کو سراہتے ہوئے اس نوعیت کے روابط کو پاکستان اور عالمِ عرب کے درمیان فکری و ابلاغی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مفید اور مؤثر قرار دیا۔

نشست کو پاکستان اور عرب دنیا کے ذرائع ابلاغ کے درمیان باہمی رابطوں، علاقائی مسائل پر آگاہی اور فکری تبادلے کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *