وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد): تحریک تحفظ آئین پاکستان (TTAIP) کے وفد نے قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی سربراہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینٹرل سیکریٹریٹ اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں وفد نے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکریٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری سے ملاقات کی۔
وفد میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان، سینیٹر ذیشان اخونزادہ اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وفد نے پاکستان پیپلز پارٹی کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی اور کانفرنس کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال، آئین کی بالادستی، جمہوری اداروں کے استحکام اور سیاسی جماعتوں کے درمیان باہمی رابطوں سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد نے آل پارٹیز کانفرنس کے ذریعے سیاسی جماعتوں کے درمیان مشاورت اور قومی و آئینی امور پر مشترکہ لائحہ عمل کے لیے رابطوں کو آگے بڑھانے کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔








