وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد) : میں سانحہ مسجد خدیجۃ الکبریٰ کے خلاف اور شہداء سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مرکزی نمازِ جمعہ کے بعد ایک پُرامن احتجاجی اجتماع منعقد کیا گیا۔ احتجاجی ریلی جی 6/2 اسلام آباد سے شروع ہو کر ڈی چوک کی جانب روانہ ہوئی، جس میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
احتجاجی اجتماع سے اپوزیشن لیڈر سینیٹ اور چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے سانحہ مسجد خدیجۃ الکبریٰ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے اور ایسے واقعات کے تدارک کے لیے ریاستی اداروں کو مؤثر اور عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
انہوں نے حکومتی اداروں کی غفلت و کوتاہی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ احتجاجی ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر سانحے کے خلاف اور شہداء کے حق میں نعرے درج تھے۔








