اہم خبریںبین الاقوامی خبریں

26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم آئین کی روح، پارلیمان کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کے بنیادی سوالات سے جڑی ہیں، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

وحدت نیوز نیٹ ورک (لاہور): 24 نومبر 2026ء سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان، قائد حزب اختلاف سینیٹ اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وائس چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کے حوالے سے منعقدہ آل پارٹیز کنونشن سے خطاب کیا۔

کنونشن میں ملک کی مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین، پارلیمانی رہنماؤں، وکلاء اور صحافتی حلقوں کی نمائندہ شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، معروف صحافی حامد میر اور سینیٹر بیرسٹر علی ظفر سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں آئین کی بالادستی، پارلیمان کی خودمختاری، عدلیہ کی آزادی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو ملک میں جمہوری نظام کے استحکام کے لیے بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیا۔ ان کا مؤقف رہا ہے کہ آئینی ترامیم کے ذریعے عدلیہ کی آزادی اور ریاستی اداروں کے آئینی توازن کو متاثر نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کے خاتمے اور آئینی نظام کی بحالی کے لیے پارلیمان کے اندر بامقصد مکالمے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔ ان کے مطابق ملک کو موجودہ سیاسی و آئینی بحران سے نکالنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو قومی مفاد میں مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی۔

قائد حزب اختلاف سینیٹ نے اس سے قبل بھی واضح کیا تھا کہ آئین کی بحالی، پارلیمان کی مضبوطی، عدلیہ کی آزادی، شفاف انتخابات اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ جیسے اہم قومی معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ اس آل پارٹیز کنونشن کا بنیادی مقصد 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کے حوالے سے سیاسی و قانونی حلقوں کے تحفظات کو اجاگر کرنا اور آئین کی بالادستی و عدلیہ کی خودمختاری کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر غور کرنا تھا۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *