وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد) : ، 5 اکتوبر 2026ء
سندھ کے سابق گورنر محمد زبیر عمر نے سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کی۔
ملاقات میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ملک کی مجموعی سیاسی صورتِ حال، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری مذاکرات، لانگ مارچ سمیت دیگر اہم قومی و سیاسی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
شرکائے ملاقات نے ملک میں جمہوری عمل کے استحکام، آئین و قانون کی بالادستی اور سیاسی مسائل کے حل کے لیے باہمی مشاورت، مذاکرات اور مکالمے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ قومی مسائل کے حل کے لیے جمہوری و آئینی راستوں کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔
ملاقات میں رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ظہیر عباس نقوی، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین احمد یوسفزئی اور مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما ارشاد حسین بنگش بھی شریک تھے۔








