وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد): قائد حزبِ اختلاف سینیٹ اور سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں عالمی طاقت کا مرکز مغرب سے مشرق کی جانب منتقل ہو رہا ہے، اور اس اہم تبدیلی میں پاکستان اور چین کا کردار نہایت کلیدی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔
یہ بات انہوں نے چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کے معزز نائب چیئرمین کی قیادت میں آنے والے اعلیٰ سطحی چینی وفد کے اعزاز میں سینٹ آف پاکستان میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انہوں نے معزز مہمانوں کو پاکستان آمد پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہا اور پاک چین تعلقات کو خطے کے استحکام اور ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی محض سفارتی تعلق نہیں بلکہ باہمی اعتماد، اخلاص اور آزمودہ رفاقت کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی دنیا بھر میں بے مثال سمجھی جاتی ہے اور دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور اقتصادی استحکام میں مثبت کردار ادا کیا، جبکہ پاکستان بھی چین کے بنیادی قومی مفادات کی مکمل حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔
قائد حزبِ اختلاف سینیٹ نے اپنے خطاب میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو خطے کی ترقی اور خوشحالی کا عظیم منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ China–Pakistan Economic Corridor نے نہ صرف پاکستان کی معیشت کو نئی سمت دی بلکہ علاقائی روابط، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک مستقبل میں پورے خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج دنیا ایک نئے اقتصادی اور سیاسی دور میں داخل ہو رہی ہے، جہاں ایشیا عالمی معیشت اور سیاست کا مرکز بنتا جا رہا ہے، اور اس تبدیلی میں چین کی قیادت اور پاکستان کی جغرافیائی اہمیت دونوں ممالک کو مزید قریب لا رہی ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اس امید کا اظہار کیا کہ چینی وفد کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط، اقتصادی تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
تقریب میں سینیٹرز، پارلیمانی شخصیات اور اعلیٰ حکام بھی شریک تھے، جبکہ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔








