اہم خبریںبین الاقوامی خبریں

مجلس وحدت مسلمین نجف کے زیرِ اہتمام شہید سید حسن نصر اللہ اور شہید سید ہاشم صفی الدین کی دوسری برسی کی یاد میں مجلس عزاء

مرکزی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید حسن ظفر نقوی کا خطاب؛ حوزۂ علمیہ نجف اشرف کی ممتاز شخصیات، پاکستانی مدارس، ہیئات کے ذمہ داران اور طلاب کی بھرپور شرکت

وحدت نیوز نیٹ ورک (نجف اشرف): مجلس وحدت مسلمین شعبہ نجف اشرف عراق کے زیرِ اہتمام قائدِ مقاومت، مجاہدِ کبیر حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید حسن نصر اللہ (قدس سرہ) اور حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید ہاشم صفی الدین (شہید) کی دوسری برسی کی مناسبت سے ایک خصوصی مجلسِ برسی کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہدائے مقاومت اور شہدائے قدس کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ تقریب بروز جمعہ، 2 اکتوبر 2026ء کو حسینیہ ام ابیہا (سلام اللہ علیہا)، نجف اشرف میں منعقد ہوئی، جس میں مرکزی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان سماحۃ علامہ سید حسن ظفر نقوی سمیت حوزۂ علمیہ نجف اشرف کی ممتاز علمی و مذہبی شخصیات، پاکستانی مدارس کے مدیران، اساتذہ، طلاب اور مختلف پاکستانی ہیئات کے ذمہ داران و اراکین نے شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا، جس کی سعادت مولانا الشیخ قاری اسحاق جوادی نے حاصل کی۔ بعد ازاں حافظ نذیر نجفی نے شہدائے مقاومت کی شان میں ترانہ پیش کیا، جبکہ فیضان جعفری نے اپنے اشعار کے ذریعے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر مدرسہ الامام امیرالمؤمنین للعلوم الاسلامیہ کے طلاب نے قرآن مجید کی آیات کی تلاوت کے ذریعے شہداء کے مقام و مرتبے اور ان کے پیغام کو اجاگر کیا۔

مجلس عزاء کے مرکزی خطاب میں مرکزی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان، سماحۃ علامہ سید حسن ظفر نقوی نے قائدِ مقاومت شہید سید حسن نصر اللہ کی حیاتِ مبارکہ، جدوجہد اور فکرِ مقاومت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے سید الشہداء کے پیغام اور خطِ مقاومت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے مقاومت کی زندگیاں اور قربانیاں امتِ مسلمہ کے لیے حریت، عزت، استقامت اور بیداری کا درس ہیں۔ شہداء کا مشن اور ان کا فکری و عملی پیغام آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ رہے گا۔

مجلس عزاء میں دفترِ سماحۃ الشیخ بشیر حسین نجفی، دفترِ سماحۃ الشیخ محمد یعقوبی اور دفترِ قائدِ محترم کے معزز وفود نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ حوزۂ علمیہ نجف اشرف کی معروف علمی و مذہبی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔

مختلف پاکستانی ہیئات، جن میں ہیئت خیبر پختونخوا، ہیئت سندھ، ہیئت نگر، ہیئت بلتستان، ہیئت قائم آلِ محمد (عج)، ہیئت گلگت اور ہیئت آزاد کشمیر شامل ہیں، کے صدور اور اراکین نے بھی مجلس عزاء میں بھرپور شرکت کی۔

اسی طرح حوزۂ علمیہ نجف اشرف میں قائم متعدد پاکستانی مدارس اور اسکان کے مدیران، اساتذہ اور طلاب نے بھی مجلسِ برسی میں شرکت کرکے شہدائے مقاومت سے اپنی عقیدت و وابستگی کا اظہار کیا۔

مجلس عزاء کی نظامت کے فرائض مولانا سید محمد علی نقوی نے انجام دیے، جبکہ اختتام پر شرکاء کے درمیان نیاز تقسیم کی گئی۔

مجلس وحدت مسلمین شعبہ نجف اشرف نے مجلس عزاء میں شریک تمام معزز شخصیات، مہمانانِ گرامی، مدیران، اساتذہ، طلاب اور مختلف ہیئات کے صدور و اراکین کا شکریہ ادا کیا۔ بالخصوص ہیئت نگر کی جانب سے انجام دی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے پروگرام کی کامیابی میں ان کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

مجلس وحدت مسلمین شعبہ نجف اشرف، عراق

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *