وحدت نیوز نیٹ ورک (قم المقدس )— مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے دفتر میں 26 دسمبر بروز جمعہ طلابِ جامعۃ الرضا علیہ السلام پاکستان اور ان کے سرپرستِ اعلیٰ حجۃالاسلام سید حسنین گردیزی کی شرکت سے ایک صمیمی، فکری اور بامقصد نشست منعقد ہوئی، جس میں شعبہ قم کے صدر اور کابینہ اراکین نے بھی شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز برادر محمد رفیق کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے صدر حجۃالاسلام سید ذیشان حیدر الحسنی نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے مہمانانِ گرامی اور طلابِ جامعۃ الرضا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تنظیمی و سماجی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور طلاب کو مجلس کے پلیٹ فارم کے ذریعے منظم انداز میں دینی و اجتماعی خدمات انجام دینے کی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ حوزۂ علمیہ کے طلبہ ملت کی فکری رہنمائی اور سماجی اصلاح میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اس کے بعد خطاب کرتے ہوئے حجۃالاسلام سید حسنین گردیزی نے طلاب کو علم و عمل کے امتزاج کے ساتھ فکری بصیرت، اجتماعی ذمہ داری اور سیاسی شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ملتِ پاکستان کی خدمت اور معاشرتی مسائل کے حل کے لیے مجلس وحدت مسلمین کے پلیٹ فارم کو ایک موثر میدانِ عمل قرار دیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے قائدِ وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی دینی و سیاسی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے طلاب کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔
بعد ازاں حجۃالاسلام شبیر سعیدی نے گفتگو میں باہمی اتحاد، اخلاص اور تنظیمی نظم و ضبط کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے قرآن کریم کی آیت “کَم مِّن فِئَةٍ قَلِیلَةٍ غَلَبَتْ فِئَةً کَثِیرَةً” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب نیت خالص اور سمت درست ہو تو قلیل وسائل کے باوجود بڑے مقاصد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے نظامِ اسلامی کے استحکام اور دینی بیداری کے لیے مسلسل جدوجہد کو ناگزیر قرار دیا۔
نشست کے اختتام پر سوال و جواب کا سلسلہ بھی ہوا، جس میں طلاب نے فکری، تنظیمی اور سماجی موضوعات سے متعلق سوالات کیے۔ شرکاءِ نشست نے اس اجتماع کو نہایت مفید، رہنماء اور حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے مستقبل میں باہمی تعاون اور مشترکہ جدوجہد کے عزم کا اظہار کیا۔
قم المقدس: مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم اور طلابِ جامعۃ الرضاؑ پاکستان کی صمیمی و فکری نشست
Shares:








