لاہور میں اتحاد امت فورم پاکستان کے اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں 13 جون کو مینارِ پاکستان لاہور میں منعقد ہونے والی “شہید امت کانفرنس” کے انتظامی امور اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وحدت نیوز نیٹ ورک: لاہور (14 مئی 2026): ترجمان کے مطابق اجلاس میں مختلف شیعہ تنظیموں اور دینی اداروں کے قائدین نے شرکت کی اور کانفرنس کے انتظامی معاملات، ضابطہ اخلاق اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ شرکاء نے اجتماع کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ 13 جون کو ہونے والا قومی اجتماع پاکستان اور ملت تشیع کے لیے اہمیت کا حامل ہوگا، جس میں ملک بھر سے عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ ان کے مطابق کانفرنس میں مزاحمتی فکر اور قومی و بین الاقوامی امور سے متعلق مختلف موضوعات پر اظہارِ خیال کیا جائے گا۔
اجلاس کے شرکاء نے اپنے خطاب میں عالمی سیاسی صورتحال، خطے کے امن اور قومی سلامتی سے متعلق مختلف نکات پر بھی بات کی۔ مقررین نے امریکا، اسرائیل اور بھارت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے اپنے مؤقف کا اظہار کیا۔
اجلاس میں چیئرمین مجلس وحدت مسلمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، سربراہ تحریک بیداری امت مصطفیٰ علامہ جواد نقوی، سربراہ امت واحدہ پاکستان علامہ محمد امین شہیدی، وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، صدر مجلس علمائے مکتب اہل بیت علامہ حسنین گردیزی، سربراہ جامعۃ المصطفیٰ علامہ حسین نجفی، چیف آرگنائزر ایم ڈبلیو ایم سید ناصر عباس شیرازی، چیئرمین امامیہ آرگنائزیشن لعل مہدی خان، مرکزی صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان سید امین شیرازی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔








