وحدت نیوز نیٹورک (اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان واحد تجارتی گیٹ وے سوست پورٹ پر ڈیڑھ ماہ سے جاری دھرنے کے پرامن تاجروں پر ناجائز ٹیکسوں اور تجارت دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج کے دوران اندھا دھند طاقت کا استعمال نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ گلگت بلتستان کے پہلے ہی محروم عوام کو مزید مایوسی کے اندھیروں میں دھکیلنے کی ایک سوچی سمجھی سازش محسوس ہوتی ہے۔
صبح نماز کے وقت ایف سی اور پولیس کی جانب سے تاجروں پر فائرنگ کا واقعہ ایک شرمناک اور ناقابلِ قبول عمل ہے، جس نے یہ تاثر دیا کہ گویا یہ خطہ پاکستان نہیں بلکہ مقبوضہ کشمیر ہے۔ حکومتِ وقت ہوش کے ناخن لیتے ہوئے فوری طور پر مقامی تاجروں کے جائز مطالبات کو تسلیم کرنا چاہیے، کیونکہ بارڈر پر ناامنی اور بےچینی پیدا کرنا نہ صرف قومی سلامتی کے لیے خطرناک ہے بلکہ یہ دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔








