وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد) : پاکستان میں روسی سفارتخانے کے چیف آف پروٹوکول سرگئی چیکلین نے سینیٹ آف پاکستان میں قائد حزب اختلاف کے چیمبر کا دورہ کیا اور قائد حزب اختلاف سینیٹ، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران روسی سفیر کی جانب سے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے لیے خصوصی ملاقات کا پیغام پہنچایا گیا، جسے قائد حزب اختلاف سینیٹ نے قبول کر لیا۔
ذرائع کے مطابق قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی آئندہ دنوں میں پاکستان میں روسی سفیر سے ملاقات متوقع ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
اس موقع پر تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان حسین احمد یوسفزئی بھی موجود تھے۔
ملاقات کو پاکستان اور روس کے درمیان باہمی روابط اور مختلف امور پر سیاسی و سفارتی سطح پر رابطوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔








