وحدت نیوز نیٹ ورک (لاہور) : لاہور میں قائم جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں ایک اہم ملاقات کے دوران علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان و قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ، اور علامہ سید احمد اقبال رضوی، وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے جامعہ کے پرنسپل اور تحریک بیداری امتِ مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران رہنماؤں نے رہبرِ معظم انقلاب آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دلی تعزیت پیش کی۔ اس موقع پر امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز، ملکی و علاقائی صورتحال اور بالخصوص اتحادِ بین المسلمین و بین المؤمنین کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
علمائے کرام نے اس بات پر زور دیا کہ امتِ مسلمہ کی طاقت اور استحکام کا انحصار باہمی اتحاد، سیاسی و دینی بصیرت اور معرکۂ حق و باطل میں واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کرنے میں مضمر ہے۔ انہوں نے اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ موجودہ حالات میں امت کو انتشار سے بچا کر مشترکہ اہداف کی جانب پیش رفت ناگزیر ہے۔
ملاقات کے اختتام پر اسلامی جمہوریہ ایران کی سلامتی و سربلندی اور معرکۂ حق و باطل میں کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ مزید برآں، شہدائے ملت بالخصوص شہدائے ترلائی اور حالیہ احتجاجی مظاہروں کے دوران شہید ہونے والے بے گناہ افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی بھی دعا کی گئی۔
اتحادِ امت اور موجودہ صورتحال پر سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور علامہ سید جواد نقوی کی اہم ملاقات، رہبرِ معظم کی شہادت پر اظہارِ تعزیت
Shares:








