مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے زیر اہتمام ہفتۂ وحدت اور شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینیؒ کی یاد میں ایک عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں علماء، مذہبی و سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
وحدت نیوز نیٹ ورک (اصفہان) : تفصیلات کے مطابق کانفرنس 26 اگست 2026 کو بعد از نماز مغرب کانفرنس ہال ستاد میں منعقد ہوئی۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت برادر عزیز منیر حسین نے حاصل کی۔
اس کے بعد برادر فرقان حیدر، غلام علی بلتستانی اور قاری شہزاد جعفر نے میلادِ باسعادت سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ اور حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی مناسبت سے بارگاہِ رسالت و امامت میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔
کانفرنس سے قم المقدسہ سے تشریف لائے مہمانِ خصوصی حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا زیب علی کراروی نے خصوصی خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ انبیائے کرام علیہم السلام کی بعثت کے دو بنیادی مقاصد، دعوتِ توحید اور قیامِ عدل تھے۔ نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے انسانی معاشرے کی ایسی تربیت فرمائی جس کے نتیجے میں ایک بہترین امت وجود میں آئی، جبکہ اس تربیت کا کامل نمونہ حضرت علی علیہ السلام کی عظیم شخصیت میں نمایاں طور پر نظر آتا ہے۔
مولانا زیب علی کراروی نے کہا کہ پیغمبر اکرم ﷺ کا فیض اہل بیت اطہار علیہم السلام کے ذریعے ایک مسلسل سلسلے کی صورت میں آگے بڑھتا رہا اور آج بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی عظیم فکری و روحانی فیض سے امام خمینیؒ نے استفادہ کیا اور پھر اسلامی بیداری اور انقلاب کے اس پیغام کو آگے بڑھایا، جبکہ شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینیؒ نے بھی اپنی جدوجہد کے ذریعے اسی مشن اور فکر کو پاکستان میں زندہ و تابندہ رکھا۔
انہوں نے شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینیؒ کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید قائد نے نجف سے پاکستان تک اپنی زندگی کے مختلف ادوار میں سخت حالات اور مشکلات کا سامنا کیا، لیکن اپنے نظریات اور اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے پاکستان میں تشیع کے وقار، مسلمانوں کے اتحاد اور اسلامی اقدار کے تحفظ کے لیے مسلسل جدوجہد کی اور بالآخر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
خطاب میں وحدتِ اسلامی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ وحدت کا مطلب اپنے بنیادی اصولوں اور عقائد سے دستبردار ہونا نہیں، بلکہ داخلی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر امتِ مسلمہ کے مشترکہ مفادات، مسلمانوں کے حقوق اور استعماری قوتوں کے مقابلے کے لیے متحد ہونا ہے۔
کانفرنس میں شریک علماء اور شرکاء نے شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینیؒ کی فکر، جدوجہد اور خدمات کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا اور مقررین کے افکار سے استفادہ کیا۔
پروگرام کے اختتام پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید محسن رضا نقوی نے مہمانانِ گرامی اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ کانفرنس کا اختتام دعائیہ کلمات کے ساتھ ہوا۔








