وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد) : چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور قائد حزب اختلاف سینیٹ، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مدرسة الولایہ کے طلباء کے لیے منعقدہ مالیاتی آگاہی اور اسلامی بینکاری سے متعلق خصوصی سیشن میں شرکت کی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور بی ایس سی اسلام آباد کی جانب سے منعقدہ اس خصوصی سیشن میں اسلامی بینکاری کے شرعی اور پیشہ ورانہ پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پروگرام کا مقصد طلباء کو جدید مالیاتی نظام اور بالخصوص اسلامی بینکاری کے بنیادی اصولوں سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔
سیشن کے دوران اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ماہرین نے طلباء کو اسلامی اور روایتی بینکاری کے بنیادی اصولوں، ارتقاء اور دونوں نظاموں کے درمیان موجود اہم فرق سے آگاہ کیا۔ ماہرین نے اسلامی بینکاری کے مختلف پہلوؤں اور عصر حاضر میں اس کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
سربراہ مدرسة الولایہ اور قائد حزب اختلاف سینیٹ، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے طلباء کی مالیاتی اور پیشہ ورانہ آگاہی کے لیے کیے جانے والے اس اقدام کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید مالیاتی نظام کے ساتھ ساتھ اسلامی بینکاری کے شرعی اصولوں اور عملی تقاضوں سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مستقبل میں بھی اس نوعیت کے علمی، تربیتی اور آگاہی پروگراموں کے انعقاد کے لیے مکمل تعاون کا اظہار کیا اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ماہرین کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔








