وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد): پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کی، جس میں پارلیمانی امور، قانون سازی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سیکریٹری جنرل اسد قیصر، وائس چیئرمین مصطفیٰ نواز کھوکھر، قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر، رکن قومی اسمبلی عادل بازئی اور ترجمان اخوندزادہ حسین بھی شریک تھے۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان، نوید قمر اور ندیم افضل چن موجود تھے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن رہنماؤں سے پارلیمانی کمیٹیوں میں شامل ہوکر فعال کردار ادا کرنے کی درخواست کی، تاہم اپوزیشن رہنماؤں نے اس حوالے سے پی ٹی آئی چیئرمین سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرنے کا عندیہ دیا۔
ملاقات میں پیپلزپارٹی اور اپوزیشن قیادت نے پارلیمان میں قانون سازی کے حوالے سے باہمی رابطے مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ پیپلزپارٹی کی قیادت نے انتخابی شفافیت یقینی بنانے کے لیے انتخابی اصلاحات کے عمل میں اپوزیشن کے پارلیمانی کردار پر بھی زور دیا۔
ملاقات کے دوران سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی اور علاج کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے جمہوری روایت قرار دیا گیا۔








