وحدت نیوز نیٹ ورک (اصفہان) : مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کی جانب سے مجلس وحدت مسلمین کے سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی گلگت بلتستان، برادر سعید شگری کے اعزاز میں ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں اصفہان میں مقیم طلاب نے شرکت کی۔
نشست کا آغاز قاری حافظ عادل کربلائی نے تلاوتِ کلامِ الٰہی سے کیا۔ بعد ازاں برادر سلیم شیخ اور برادر غلام علی بلتستانی نے بارگاہِ اہل بیت علیہم السلام میں مدح سرائی کی۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی برادر سعید شگری نے گفتگو کرتے ہوئے گلگت بلتستان کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی سرزمین پر آج پوری دنیا کی نظریں مرکوز ہیں اور مختلف عناصر مختلف این جی اوز اور دیگر ذرائع کے ذریعے اس خطے کے حالات کو متاثر کرنے اور اس کے وسائل پر قبضہ کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں ہماری ذمہ داری ہے کہ ان عوامل کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے خطے کے مفادات، وسائل اور مستقبل کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے بنیادی مسائل پر خصوصی توجہ دینے اور ان کے تدارک کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
بعد ازاں مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے سینئر رکن مولانا سید اسرار عباس نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے برادر سعید شگری کو اصفہان میں مجلس وحدت مسلمین کی مختلف سرگرمیوں اور فعالیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعید شگری جیسے نوجوان کا انتخابات میں حصہ لینا اور سیاسی جدوجہد میں فعال کردار ادا کرنا گلگت بلتستان کے نوجوانوں کے لیے نیک شگون ہے۔ انہوں نے برادر سعید شگری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں کامیابی و سربلندی عطا فرمائے۔
نشست کے اختتام پر برادر عباس رئیسی نے مہمانِ خصوصی برادر سعید شگری اور تمام شرکائے نشست کا شکریہ ادا کیا۔
پروگرام کے آخر میں مجاہدِ ملت آغا سید علی رضوی حفظہ اللہ کی جلد صحتیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔








