وحدت نیوز نیٹ ورک: (بکھر) مجلس وحدت مسلمین ضلع بکھر کے زیرِ اہتمام عظیم الشان “چہلمِ رہبرِ شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ایؒ” کا انعقاد کیا گیا، جس میں علماء کرام، سیاسی و سماجی شخصیات، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
چہلم کی مجلس سے قائد حزبِ اختلاف سینیٹ اور چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء اور رہبرانِ حق کی قربانیاں امتِ مسلمہ کے لیے بیداری، استقامت اور ظلم کے خلاف مزاحمت کا روشن پیغام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج عالمِ اسلام کو اتحاد، بصیرت اور فکری استحکام کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ استکباری قوتیں امتِ مسلمہ کے اتحاد سے خوفزدہ ہیں، اسی لیے مختلف سازشوں کے ذریعے مسلمانوں میں انتشار پیدا کیا جا رہا ہے، تاہم ملتِ اسلامیہ شہداء کے افکار اور مزاحمتی فکر کی بدولت ہر محاذ پر ثابت قدم رہے گی۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ دینی شعور، قومی وحدت اور مظلوم اقوام کی حمایت کے جذبے کو فروغ دیں اور شہداء کے مشن کو آگے بڑھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حق و باطل کی اس جدوجہد میں بیداری اور اتحاد ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔
تقریب کے اختتام پر شہداء ملتِ اسلامیہ کے درجات کی بلندی، وطنِ عزیز پاکستان کے استحکام اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔








