وحدت نیوز نیٹ ورک: کراچی (نمائندہ خصوصی) کراچی میں جمہوری اسلامی ایران کے قونصلیٹ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ، علامہ سید جواد نقوی، آغا سید راحت حسین الحسینی، مجلس وحدت مسلمین کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی سمیت دیگر جید علمائے کرام ایک اعلیٰ سطحی وفد نے قونصل جنرل ایران، جناب اکبر عیسیٰ زادہ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وفد نے رہبرِ انقلابِ اسلامی، آیت اللہ العظمیٰ امام سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی قوم اور حکومت کے ساتھ دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے دعائے مغفرت اور بلندیٔ درجات بھی کی گئی۔
ملاقات میں موجودہ عالمی و علاقائی صورتحال، ایران کو درپیش چیلنجز، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور امتِ مسلمہ کو لاحق مشترکہ مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے باہمی تعاون، اتحادِ امت اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفد کے اراکین نے کہا کہ مسلم امہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور باہمی ہم آہنگی ناگزیر ہے، جبکہ ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔








