وحدت نیوز نیٹ ورک ( کراچی ) 3 مئی 2026) “شہیدِ اُمت” رہبرِ انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہایؒ کے چہلم کے موقع پر کراچی کے نشتر پارک میں ایک عظیم الشان اور پُروقار اجتماع منعقد ہوا، جس میں پاکستان کی معروف شیعہ جماعتوں کے علاوہ اہلِ سنت علمائے کرام، قومی رہنما اور شہر بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔
یہ اجتماع مجلس وحدت مسلمین، تحریک بیداری اُمتِ مصطفیٰ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور دیگر مذہبی و سماجی تنظیموں کے باہمی تعاون سے منعقد کیا گیا۔ تقریب میں ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے جید علمائے کرام اور دانشوروں نے شرکت کی اور اپنے خطابات میں شہیدِ اُمت کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اجتماع سے خطاب کرنے والوں میں سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری (چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان)، علامہ سید جواد نقوی (سربراہ تحریک بیداری اُمتِ مصطفیٰ)، علامہ راحت حسینی (گلگت بلتستان کے رہنما) سمیت متعدد جید علماء شامل تھے۔ مقررین نے امتِ مسلمہ کے اتحاد، باہمی یکجہتی اور عالمی استعماری قوتوں کے خلاف مشترکہ موقف اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں امریکہ اور اسرائیل کو دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد عناصر قرار دیتے ہوئے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ان قوتوں کے خلاف مؤثر اقدامات کریں۔ انہوں نے پاکستان میں شیعہ سنی اتحاد کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی اتحاد ملک و ملت کے تحفظ کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا:
ایران کے خلاف صرف صدام نہیں بلکہ پوری دنیا صف آرا تھی، مگر وہ اپنے مقاصد میں ناکام رہی۔
جنہوں نے 35 دن میں تہران فتح کرنے کے خواب دیکھے تھے، وہ خرمشہر میں عبرتناک شکست سے دوچار ہوئے۔
امام خمینیؒ نے یہ حقیقت آشکار کی کہ جب تک ظلم باقی ہے، اس کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔
ہم ہر ظالم کے دشمن ہیں، چاہے وہ شیعہ ہی کیوں نہ ہو، اور ہر مظلوم کے حامی ہیں، خواہ وہ غیر مسلم ہی کیوں نہ ہو۔
شہیدِ اُمت کی قیادت میں ہر گھر قرآن سے منور ہوا۔
جب دشمن قوتوں نے پاکستان پر حملے کی سازش کی تو پوری قوم دفاع کے لیے متحد ہو گئی۔
اگر عوام بیدار نہ ہوں تو حضرت ابراہیمؑ کو آگ میں جھونک دیا جاتا ہے اور امام حسینؑ کو اہلِ خانہ سمیت شہید کر دیا جاتا ہے۔
ہمیں ایسی قوم بننا ہوگا جو ہر ظالم کے سامنے ڈٹ جائے۔
فرقہ واریت کو ہوا دینا دشمن کا ایجنڈا ہے، اس سے ہر صورت اجتناب کیا جائے۔
امریکہ خطے میں قیادت کے خلا کے ذریعے “گریٹر اسرائیل” کا منصوبہ نافذ کرنا چاہتا تھا، مگر ناکام رہا۔
ہم نے حالیہ دنوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں قیمتی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔
شہداء کے ورثاء کو انصاف دلایا جائے گا اور کسی قاتل کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
ہم ملک میں اتحاد و یکجہتی کے داعی ہیں اور ہماری تمام سرگرمیاں امت کے قاتلوں کے خلاف ہیں۔
ہم اپنے اہلِ سنت بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ان پر کسی بھی حملے کی صورت میں ہم اپنی جانوں کو ڈھال بنائیں گے۔
اجتماع کے اختتام پر شرکاء نے شہداء کے لیے دعا کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ امتِ مسلمہ کے اتحاد، ملکی استحکام اور ظلم کے خلاف جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔
کراچی میں “شہیدِ اُمت” رہبرِ انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہایؒ کے چہلم پر عظیم الشان اجتماع، اتحادِ اُمت پر زور
Shares:








