وحدت نیوز نیٹ ورک (قم المقدسہ) : میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم اور تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے وفود نے نمائندہ ولی فقیہ پاکستان کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دینی، ملی اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کی نمائندگی صدر مجلس، حجت الاسلام سید ذیشان حیدر الحسنی نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ حجت الاسلام سید سردار علی نقوی اور حجت الاسلام اشرف حسین صالحی بھی موجود تھے۔ دفتر نمائندہ ولی فقیہ پاکستان کی جانب سے حجت الاسلام غلام محمد شاکری اور حجت الاسلام ضیغم عباس جواد نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر تحریک بیداری امت مصطفیٰ کی نمائندگی حجت الاسلام سید حسن رضوی، حجت الاسلام رمضان علی اور حجت الاسلام سہیل عباس نے کی۔
ملاقات کا آغاز رہبر عزیز شہید اور دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے سے ہوا، جس کے بعد ملکی و بین الاقوامی صورتحال، بالخصوص عالم اسلام کو درپیش چیلنجز پر سنجیدہ تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکاء نے پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے درمیان اتحاد و وحدت کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے ساتھ ہی اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ باہمی روابط اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے تاکہ مشترکہ اہداف کے حصول میں پیش رفت ممکن بنائی جا سکے۔
اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ جزوی اختلافات کو نظر انداز کرتے ہوئے ملت اسلامیہ کے درمیان اتحاد کو فروغ دیا جائے اور ایک مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائے۔ علاوہ ازیں، امریکی و اسرائیلی جارحیت کے خلاف مؤثر آواز بلند کرنے اور عالمی سطح پر ان مظالم کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔








