اہم خبریںبین الاقوامی خبریں

قائد حزبِ اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا UAE میں پاکستانیوں کی بے دخلی اور مظالم پر شدید احتجاج، فوری سفارتی اقدامات کا مطالبہ

وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد): سینیٹ آف پاکستان میں قائد حزبِ اختلاف اور چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سینیٹ خطاب میں متحدہ عرب امارات (UAE) سے پاکستانی شہریوں کی بے دخلی، ویزہ مسائل اور اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مشکلات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان سے فوری اور مؤثر سفارتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں جو ہر سال اربوں ڈالر زرمبادلہ پاکستان بھیج کر قومی معیشت کو سہارا دیتے ہیں، مگر افسوس کے ساتھ انہیں مختلف ممالک خصوصاً UAE میں مشکلات، بے دخلی، روزگار کے عدم تحفظ اور ناروا سلوک کا سامنا ہے۔

قائد حزبِ اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایوان میں قرارداد پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر متحدہ عرب امارات سمیت متعلقہ ممالک کے ساتھ اعلیٰ سطحی سفارتی رابطے قائم کرے تاکہ پاکستانیوں کے وقار، روزگار، قانونی تحفظ اور بنیادی حقوق کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی صرف ترسیلاتِ زر بھیجنے والے افراد نہیں بلکہ پاکستان کے سفیر ہیں، ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پوری قوم کے لیے باعثِ تشویش ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے مستقل پالیسی تشکیل دی جائے اور سفارتخانوں کو فعال کردار ادا کرنے کا پابند بنایا جائے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ پاکستانی محنت کشوں، مزدوروں اور پیشہ ور افراد کے ساتھ کسی بھی قسم کی زیادتی یا امتیازی سلوک برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ پاکستانیوں کو فوری قانونی اور سفارتی معاونت فراہم کی جائے تاکہ وہ باعزت انداز میں اپنے روزگار اور زندگی کو جاری رکھ سکیں۔

انہوں نے اپنے خطاب میں اس امر پر بھی زور دیا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کرے، کیونکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملک کی معیشت، ترقی اور عالمی تشخص میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *