اہم خبریںبین الاقوامی خبریں

عراق میں اربعین زائرین کو درپیش مشکلات؛ سیکرٹری امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کا عراقی اعلیٰ قیادت سے ویزا پالیسی پر نظرثانی کی اپیل

وحدت نیوز نیٹ ورک: 3 جولائی 2026 | قم المقدسہ
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری برائے بین الاقوامی امور، علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے اربعین امام حسینؑ کے موقع پر عراق جانے والے پاکستانی زائرین کو درپیش مشکلات، خصوصاً 50 سال سے کم عمر افراد کے لیے اہلِ خانہ کے بغیر اربعین ویزا جاری نہ کیے جانے کی پالیسی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عراق کی اعلیٰ سیاسی، مذہبی اور مزاحمتی قیادت کو تفصیلی خطوط ارسال کیے ہیں۔

یہ خطوط عراق کے سابق وزیر اعظم محمد شیاع السودانی، نوری المالکی اور عادل عبدالمہدی، عصائب اہل الحق کے سیکریٹری جنرل شیخ قیس الخزعلی، تنظیم بدر کے سربراہ حاج ہادی العامری، تحریک حکمت کے قائد سید عمار الحکیم، عراقی سپریم اسلامک کونسل کے سربراہ ڈاکٹر ہمام حمودی اور کتائب سید الشہداء کے سیکریٹری جنرل حاج ابو علاء الولائی کے نام ارسال کیے گئے ہیں۔

خطوط میں علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے ان رہنماؤں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستانی زائرین کو درپیش مسائل کے مستقل اور مؤثر حل کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں اور اربعین ویزا سے متعلق موجودہ پالیسی پر نظرثانی کرائیں۔

انہوں نے اپنے خطوط میں لکھا ہے کہ اربعین امام حسینؑ میں شرکت لاکھوں پاکستانی عاشقانِ اہل بیتؑ کی دینی، روحانی اور قلبی آرزو ہے، لیکن موجودہ ویزا پالیسی، بالخصوص 50 سال سے کم عمر زائرین پر عائد پابندی، ہزاروں مشتاقانِ زیارت کے لیے شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سبب بن رہی ہے۔

علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے عراقی قیادت سے اپیل کی کہ اس پالیسی پر ازسرِنو غور کرتے ہوئے پاکستانی زائرین کے لیے ویزا کے حصول کو آسان بنایا جائے تاکہ وہ عزت، وقار اور اطمینان کے ساتھ عتباتِ عالیات کی زیارت اور اربعین امام حسینؑ کی عظیم الشان روحانی تقریب میں شرکت کر سکیں۔

خطوط میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اور عراق کے درمیان موجود مضبوط دینی، تاریخی اور عوامی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، جبکہ زائرینِ اہل بیتؑ کی خدمت دونوں برادر اسلامی ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس امید کا بھی اظہار کیا گیا کہ عراقی قیادت اس مسئلے کے فوری، مثبت اور دیرپا حل کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *