وحدت نیوز نیٹ ورک 4 جولائی 2026 | تھران:
امتِ مسلمہ کے رہبر اور انقلابِ اسلامی کے عظیم شہید، حضرت امام سید علی خامنہ ایؒ کی تاریخی تشییع کے موقع پر تہران میں “امام خامنہ ای؛ مزاحمت کے جاویداں رہبر” کے عنوان سے ایک عظیم الشان بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوئی۔
کانفرنس میں سیکریٹری برائے بین الاقوامی امور علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف، کی سربراہی میں پاکستانی وفد کے ہمراہ خصوصی شرکت کی۔
یہ خصوصی کانفرنس شہیدِ مزاحمت حضرت امام خامنہ ایؒ کی عظیم شخصیت، ان کی فکری، انقلابی اور عالمی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے مقصد سے منعقد کی گئی۔ کانفرنس تہران کے ہالِ سران میں منعقد ہوئی، جس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان، اعلیٰ سرکاری حکام، مختلف ممالک کے سفراء، عالمِ اسلام کی ممتاز دینی و علمی شخصیات، مختلف اسلامی مکاتبِ فکر کے نمائندگان اور محاذِ مزاحمت کے قائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کانفرنس سے ایران، پاکستان اور دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے خطاب کرتے ہوئے شہید رہبرِ انقلاب حضرت امام خامنہ ایؒ کی بے مثال خدمات، امتِ مسلمہ کی بیداری، اسلامی وحدت کے فروغ اور عالمی سطح پر محاذِ مزاحمت کو مضبوط بنانے میں ان کے تاریخی کردار کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری (چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان و قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ)، علامہ سید جواد نقوی (سربراہ تحریک بیداریِ امتِ مصطفیٰ)، لیاقت بلوچ (مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان)، علامہ محمد امین شہیدی (سربراہ امتِ واحدہ پاکستان)، علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی (چیئرمین جعفریہ الائنس پاکستان)، سید امین شیرازی (مرکزی صدر تنظیمِ طلبۂ امامیہ پاکستان)، علامہ ظہیرالحسن نقوی، ڈاکٹر صابر ابو مریم (مرکزی سیکریٹری جنرل فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان)، سید میثم عابدی (سیکریٹری سپریم کونسل جعفریہ الائنس پاکستان)، سید احسن زیدی (سیکریٹری اطلاعات) سمیت پاکستان اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والی متعدد ممتاز شخصیات بھی شریک ہوئیں۔







