وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد): نجی ٹی وی کے پروگرام Capital Talk میں سینئر صحافی حامد میر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان حالات میں حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے داخلی معاملات کو بہتر بنائے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلے۔
انہوں نے زور دیا کہ ملک کی تمام سیاسی قیادت کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے، انہیں موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی جائے، اور عمران خان کو بھی اس عمل میں شامل کیا جائے کیونکہ وہ عوام کی بڑی تعداد کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو اعتماد میں لیے بغیر کسی بھی بڑے بحران کا مؤثر مقابلہ ممکن نہیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خبردار کیا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور معاشی مشکلات کے باعث عوام پہلے ہی دباؤ کا شکار ہیں، ایسے میں اگر حکومت عوامی حمایت سے محروم رہی تو حالات کو سنبھالنا مزید مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بڑی سیاسی جماعت کو دیوار سے لگانا دانشمندی نہیں اور اگر دیگر جماعتوں کو جلسوں کی اجازت ہے تو پاکستان تحریک انصاف کو بھی اپنے آئینی حق کے مطابق اجازت ملنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو درپیش خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے اور خطے میں کشیدگی کے اثرات ملک تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔ “اگر ہمسایہ ملک میں آگ لگی ہو تو اس کی تپش ہمارے گھر تک بھی پہنچتی ہے،” انہوں نے خبردار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ضرور ہے، مگر اس کی اصل قوت اس کے عوام ہیں۔ اگر عوام کو اعتماد میں لیا جائے اور ان کے جذبات کا احترام کیا جائے تو ملک ہر بڑے چیلنج کا مقابلہ کر سکتا ہے۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ مکالمہ کرے اور قومی اتحاد کے ذریعے ملک کو درپیش خطرات سے نکالنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرے۔








