وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ شمالی پنجاب کے وفد نے ضلع سرگودھا کی معروف روحانی شخصیت، عالم باعمل جناب قبلہ سید محمد باقر شیرازی دامت برکاتہ کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ، حجت الاسلام والمسلمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری مدظلہ العالی سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں حالیہ علاقائی سیلابی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تحصیل کوٹ مومن کی 42 متاثرہ بستیاں، جنہیں شدید نقصان پہنچا، وہاں جناب قبلہ سید محمد باقر شیرازی کی سرپرستی میں ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔
اب تک کیے گئے اقدامات میں شامل ہیں:
متاثرہ افراد اور ان کے مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا۔
روزانہ دو وقت کا کھانا تیار کرا کر متاثرہ علاقوں میں تقسیم کرنا۔
صبح کے وقت چائے کے ساتھ خشک رس اور بند تقسیم کرنا۔
جانوروں کے لیے ونڈا، چارہ اور ویکسینیشن کا انتظام۔
سرکاری میڈیکل کیمپ کے ذریعے علاج معالجہ کی سہولت۔
برادر ناصر عباس شیرازی کے ڈیرے پر قائم الحسین (ع) ڈسپنسری پر بھی ورکنگ جاری ہو چکی ہے ۔
اب تک 300 راشن بیگ (ہر بیگ مالیت: 4755 روپے) تقسیم کیے جا چکے ہیں، جو برادر ناصر عباس شیرازی کی کوششوں سے ممکن ہوا۔ مزید 500 راشن بیگ کی فوری ضرورت ہے، جس کے لیے مقامی سطح پر تعاون سے فنڈز جمع کیے جا رہے ہیں۔ ان شاءاللہ جلد یہ ضرورت بھی پوری کر لی جائے گی۔
دوسرے مرحلے میں متاثرہ مکانات کی تعمیر کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں حکومتی اعلانات کے مطابق معاوضے کی فراہمی کے لیے محکمہ پٹوار اور ضلعی انتظامیہ سے مشاورت جاری ہے۔ حکومت نے فی مکان 10 لاکھ روپے، جزوی نقصانات کی صورت میں 5 لاکھ، جانوروں کے نقصان پر 3 لاکھ اور فصلوں کے نقصان پر ڈھائی لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
ریلیف اور بحالی کے یہ تمام اقدامات بھرپور محنت اور لگن کے ساتھ جاری ہیں۔ ان شاءاللہ کوشش ہے کہ یہ خدمت کا سفر کامیابی اور سرخروئی کے ساتھ پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے۔








