وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد): مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے اعلیٰ اختیاراتی ادارے شوریٰ عالی کا اہم اجلاس مرکزی دفتر اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت شوریٰ عالی کے سربراہ علامہ شیخ محمد حسن صلاح الدین نے کی۔ مجلس وحدت مسلمین کے تنظیمی ڈھانچے میں شوریٰ عالی کو پالیسی سازی کے حوالے سے مرکزی حیثیت حاصل ہے۔
اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مجموعی تنظیمی صورتحال، مختلف تنظیمی امور اور درپیش اہم مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے موجودہ تنظیمی تقاضوں کے تناظر میں مختلف امور پر تفصیلی غور و خوض کرتے ہوئے ان کے حل کے لیے قابلِ عمل تجاویز اور اقدامات پر مشاورت کی۔
اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کی آئندہ تنظیمی فعالیت کو مزید مؤثر، منظم اور متحرک بنانے کے لیے نئی پالیسی وضع کی گئی، جبکہ تنظیمی امور میں بہتری، فعالیت میں تسلسل اور مختلف سطحوں پر رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔
شوریٰ عالی کے اراکین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مجلس وحدت مسلمین کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرتے ہوئے تنظیمی اہداف کے حصول کے لیے مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی اختیار کی جائے گی۔
اجلاس میں شوریٰ عالی کے دیگر اراکین نے شرکت کی اور مختلف امور پر اپنی آراء اور تجاویز پیش کیں۔








