اہم خبریںبین الاقوامی خبریں

قم میں مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام فکری نشست “روایتِ فتح” کا انعقاد

وحدت نیوز نیٹ ورک (قم المقدسہ) — مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے زیر اہتمام بروز جمعہ 17 اپریل 2026 کو دفترِ تنظیم میں “روایتِ فتح” کے عنوان سے ایک اہم فکری و تجزیاتی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلباء اور اہلِ فکر کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز دعائے توسل سے کیا گیا، جس کے بعد شرکاء نے امتِ مسلمہ کے اتحاد، سربلندی اور انقلاب اسلامی کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
نشست کے دوسرے حصے میں ماہِ رمضان المبارک میں شروع ہونے والے “معرکۂ حق و باطل” کے موضوع پر باقاعدہ گفتگو کا آغاز ہوا، جس میں اس اہم مسئلے کے فکری، سیاسی اور سماجی پہلوؤں پر تفصیلی اور جامع تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر نشست کے مہمانِ خصوصی معروف ماہرِ اسٹریٹجک امور، حجۃ الاسلام ڈاکٹر محمد علی رنجبر نے خطاب کرتے ہوئے “جنگِ رمضان” کی نوعیت، اس کے پس منظر اور ممکنہ اثرات پر مدلل اور جامع روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جنگیں صرف عسکری میدان تک محدود نہیں رہیں بلکہ فکری، سیاسی اور میڈیا کے محاذوں پر بھی شدت اختیار کر چکی ہیں۔ انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کو وسیع تناظر میں بیان کرتے ہوئے اسے دو مختلف نظریات اور نظامِ فکر کے درمیان ایک بڑی کشمکش قرار دیا۔
ڈاکٹر رنجبر نے امریکہ اور ایران کے اسٹریٹجک اہداف کا تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ خطے میں جاری تنازعات کے پس منظر میں محض سیاسی یا جغرافیائی عوامل ہی نہیں بلکہ نظریاتی اور تہذیبی عناصر بھی کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزاحمتی قوتوں کی حالیہ کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کامیابیوں نے عالمی طاقتوں کے توازن پر نمایاں اثرات مرتب کیے ہیں۔
مستقبل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ آنے والا دور مزید پیچیدہ اور چیلنجنگ ہوگا، جس کا مقابلہ کرنے کے لیے فکری بیداری، اتحاد اور مضبوط اسٹریٹجک شعور ناگزیر ہے۔
نشست کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ امتِ مسلمہ کی فکری رہنمائی اور اتحاد کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *