اہم خبریںبین الاقوامی خبریں

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امورِ خارجہ حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید شفقت حسین شیرازی کی وفد کے ہمراہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں سربراہ تحریک الحکمت (التیار الحكمة) سے ملاقات

وحدت نیوز (عراق) تفصیلات کے مطابق سربراہ مجلس علماء امامیہ پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امورِ خارجہ حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے ایم-ڈبلیو-ایم نجف اشرف کے وفد کے ہمراہ تحریک الحکمت کے سربراہ علامہ سید عمار الحکیم سے اتوار کے روز مؤرخہ 24/12/2023 کو ملاقات کی، کہ جس میں ملکی و عالمی صورتحال کو زیرِ بحث لایا گیا۔
ملاقات میں سربراہ تحریک الحکمت کی خدمت میں چئیرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری (حفظہ اللہ) کا سلام اور نیک تمناؤں کا پیغام پیش کیا، اور پاکستان کی مسلسل بدلتی صورتحال، مقبوضہ کشمیر پر بھارت کی طرف سے طاقت کے زور پر ظلم و زیادتی، ملک میں شیعہ قوم کی مشکلات اور ریاست کا رویہ، امریکہ اور اسکے اتحادیوں کا ملک میں مداخلت، رجیم چینج کی سازش، ایم-ڈبلیو-ایم کی ملک میں حالیہ سرگرمیاں، پاکستان تحریکِ انصاف سے اتحاد، آئندہ آنے والے الیکشن میں ایم-ڈبلیو-ایم کا کردار، مسئلہ فلسطین پر قائد اعظم محمد علی جناح(رح) کے اصولوں پر پاکستان کا تاریخی موقف و قضیہ فلسطین کی حمایت اور پاکستانی زائرین کی مشکلات و عاملین کو درپیش مسائل سمیت دیگر متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سربراہ تحریک الحکمت نے پاکستان کے بارے میں تفصیلی صورتحال سے آگاہ کرنے پر ڈاکٹر علامہ سید شفقت حسین شیرازی کا شکریہ ادا کیا۔ اور عراق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ عراق نے مسئلہ فلسطین کو مدِ نظر رکھتے ہوئے عراقی پارلیمنٹ میں قانون پاس کیا کہ جس میں اسرائیل کیساتھ ہر قسم کے تعلقات قائم کرنا قانونی جرم قرار دیا گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ یورپ کی خود ساختہ وبا ہم جنس پرستی کو بھی عراقی پارلیمنٹ کی طرف سے قانونی جرم قرار دیا گیا ہے۔اور یورپ کی طرف سے آنے والے دباؤ پر دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کی تہذیب و تمدن اور ہماری ثقافت اس چیز کی قطعی طور پر اجازت نہیں دیتی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں ملکوں کے مابین باہمی تعلقات کی بہتری کی تجاویز زیر غور آئیں۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *