قومی و دینی مناسبتیں

ماہِ رمضان: مجلس وحدت مسلمین اصفہان کے زیر اہتمام ’’بصیرت افزائی‘‘ ورکشاپ کا آغاز، سیاسی جریان شناسی پر پہلی نشست

وحدت نیوز نیٹ ورک (اصفہان): مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے زیر اہتمام ماہِ رمضان المبارک کی مناسبت سے ’’بصیرت افزائی‘‘ کے عنوان سے چار روزہ ورکشاپ کا آغاز کر دیا گیا۔ افتتاحی نشست جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ واحد اصفہان میں منعقد ہوئی جس میں 40 طلابِ کرام نے شرکت کی۔

پہلے روز کی نشست کا موضوع ’’جریان شناسیِ سیاسی‘‘ تھا، جو دو گھنٹے پر مشتمل رہی۔ مقررِ خصوصی نے علمِ سیاست کے بنیادی مباحث پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے قدرت، دولت، حکومت، حکمرانی، نظمِ اجتماعی، احزاب، اہدافِ دولت اور انواعِ دولت جیسے اہم موضوعات کا احاطہ کیا۔

مقرر نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی سیاسی زندگی سماجی گروہوں اور سیاسی دھاروں کے باہمی تعامل پر استوار ہوتی ہے۔ ان کے بقول سیاسی جریانوں اور جماعتوں کا وجود اس لیے ضروری ہے تاکہ معاشرہ سیاست سے جڑا رہے اور عوام اجتماعی معاملات سے بے تعلق نہ ہوں۔

انہوں نے ’’جریان‘‘ کی تعریف بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مراد معاشرے میں ایک اختیاری یا رہنمائی شدہ فکری تحریک ہے جو نظریاتی بنیادوں پر حرکت پیدا کرتی اور تبدیلی کا باعث بنتی ہے۔ ان کے مطابق ایک مؤثر سیاسی جریان کی پانچ نمایاں خصوصیات ہوتی ہیں: واضح نظریہ، سماجی سطح پر ہدفی ظہور، قیادت اور حامی عناصر کی موجودگی، نظریے کا عملی شکل اختیار کرنا، اور موجودہ صورتِ حال کو مطلوبہ سمت میں تبدیل کرنے کی خواہش۔

نشست میں اسلام کے سیاسی تصور پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ مقرر نے کہا کہ اسلامی تعلیمات میں سیاست کا مقصد محض اقتدار کا حصول نہیں بلکہ معاشرے کی صحیح رہنمائی اور اصلاح ہے۔ ان کے مطابق سیاست کا اصل ہدف افراد اور ملت کی بہتری ہے، جو انبیاء کی ذمہ داری رہی ہے اور ان کے بعد بیدار علماء اس فریضے کو انجام دیتے ہیں۔

گفتگو کے دوران اس امر پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ جریان شناسی کیا ہے، اس کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے، سیاسی جریانوں کی ساخت اور مواد کیا ہوتے ہیں، اور وہ کن فکری مبانی، اہداف اور نتائج کے حامل ہوتے ہیں۔

نشست کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں افطاری کا اہتمام کیا گیا جس میں جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ واحد اصفہان کے رئیس حجت الاسلام ڈاکٹر رضائی نے بھی شرکت کی اور طلاب کے ہمراہ روزہ افطار کیا۔

ورکشاپ کے منتظمین کے مطابق ’’بصیرت افزائی‘‘ سلسلے کی آئندہ نشستوں میں بھی فکری اور سماجی موضوعات پر ماہرین اظہارِ خیال کریں گے۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *