وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد): قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے X پر اپنے ایک بیان میں ایران میں قیادت کی نئی ذمہ داری سنبھالنے پر آیت اللّٰہ سید مجتبیٰ خامنہ ائی کو مبارکباد پیش کی ہے اور ایران کے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کو قیادت کی عظیم ذمہ داری سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں، جبکہ ایران کے باوقار عوام اور شہید سپریم لیڈر سید علی خامنہ ائی کے وفادار پیروکاروں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید رہنما کے درجات بلند فرمائے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت، جو امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ہوئی، نے عزت، مزاحمت اور انصاف کے لیے کھڑے ہونے والوں کے عزم کو مزید مضبوط کر دیا ہے۔ ان کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کی زندگی ظلم و جبر کے مقابل استقامت کی علامت تھی اور ان کی میراث آئندہ بھی امتِ مسلمہ کی رہنمائی کرتی رہے گی۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کو دانائی، قوت اور اپنی حفاظت عطا فرمائے تاکہ وہ اپنے والد کے مشن کو آگے بڑھا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے وقت میں جب ایران کو بیرونی دشمنی کا سامنا ہے، اللہ تعالیٰ اسلامی جمہوریہ ایران کو استقامت اور کامیابی عطا کرے۔
بیان میں دنیا بھر کے مظلوموں خصوصاً فلسطینی عوام کے لیے بھی دعا کی گئی کہ انہیں جلد انصاف اور سکون نصیب ہو۔ انہوں نے کہا کہ مزاحمت کے راستے پر یقین رکھنے والے لوگ ہر قسم کے ظلم اور سامراجیت کے خلاف اس جدوجہد میں ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔
بیان کے اختتام پر امامِ زمانہؑ کے جلد ظہور کی دعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی بابرکت قیادت میں دنیا میں حقیقی انصاف اور امن قائم ہوگا، جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران اور مزاحمت کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا۔
آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کو قیادت کی عظیم ذمہ داری سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں/ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
Shares:







