مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے زیرِ اہتمام علمی نشستیں؛ حجۃ الاسلام والمسلمین وسیم سبحانی اور بہرامی زاد کے خطابات، سیرتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے اعتقادی و تاریخی پہلوؤں کا جائزہ
وحدت نیوز نیٹ ورک (قم المقدسہ) : | جمعرات، ۲۲ اکتوبر ۲۰۲۶ء مجلس وحدت مسلمین پاکستان، شعبہ قم المقدسہ کے زیرِ اہتمام ایامِ فاطمیہؑ کے سلسلے میں منعقدہ دو روزہ علمی و تربیتی کارگاہ کے دوسرے روز بھی اہم علمی و تحقیقی نشستوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان نشستوں میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت و منزلت، خطبۂ فدکیہ کے گراں قدر معارف، سیرتِ فاطمیؑ کے تاریخی و اعتقادی پہلوؤں اور ایامِ فاطمیہ سے متعلق مختلف شبہات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
خطبۂ فدکیہ؛ معارفِ اہلِ بیتؑ اور دفاعِ ولایت کا عظیم علمی سرمایہ
کارگاہ کے دوسرے روز کی پہلی نشست سے حجۃ الاسلام والمسلمین آقای وسیم سبحانی نے خطاب کیا۔ انہوں نے خطبۂ فدکیہ کی قرأت کے ساتھ اس کے اہم تفسیری، اعتقادی اور تاریخی نکات کی وضاحت کی اور بالخصوص خطبے کے معروف جملے «اِعْلَمُوا أَنِّي فَاطِمَةُ» کو اپنی گفتگو کا محور قرار دیا۔
انہوں نے اس جملے کے مفاہیم کی تشریح کرتے ہوئے حضرت صدیقۂ طاہرہ سلام اللہ علیہا کے بلند مقام و مرتبے، آپؑ کی الٰہی عظمت اور امتِ مسلمہ میں آپؑ کی منفرد حیثیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد پیش آنے والے حالات، حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کو درپیش مصائب اور آپؑ کے ساتھ روا رکھے جانے والے مظالم کے تاریخی پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی۔
حجۃ الاسلام والمسلمین وسیم سبحانی نے خطبۂ فدکیہ کو معارفِ اہلِ بیت علیہم السلام، دفاعِ ولایت اور حق و حقیقت کی شناخت کے حوالے سے ایک اہم علمی و تاریخی سرمایہ قرار دیتے ہوئے اس کے مضامین کو گہرائی سے سمجھنے اور ان سے فکری و اعتقادی رہنمائی حاصل کرنے کی اہمیت واضح کی۔
شبہاتِ فاطمیہ؛ تاریخی مصادر اور علمی تحقیق کی اہمیت
دوسری نشست سے حجۃ الاسلام والمسلمین آقای بہرامی زاد نے ’’شبہاتِ فاطمیہ‘‘ کے موضوع پر مفصل خطاب کیا۔ انہوں نے ایامِ فاطمیہؑ، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت اور تاریخِ اسلام کے اہم واقعات سے متعلق اٹھائے جانے والے مختلف تاریخی و اعتقادی شبہات کا جائزہ پیش کیا۔
انہوں نے ان شبہات کے جوابات میں فریقین کی معتبر کتب سے تاریخی شواہد اور دلائل پیش کرتے ہوئے موضوع کے مختلف پہلوؤں کو علمی و استدلالی انداز میں واضح کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخِ فاطمیہؑ اور سیرتِ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے درست فہم کے لیے مستند تاریخی مصادر سے رجوع، علمی تحقیق اور محققانہ مطالعہ بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے اس امر کی اہمیت بھی اجاگر کی کہ تاریخی و اعتقادی موضوعات کا مطالعہ محض سنی سنائی باتوں یا غیر مستند روایات کی بنیاد پر کرنے کے بجائے علمی اصولوں اور معتبر مآخذ کی روشنی میں کیا جانا چاہیے۔
اختتامی دعا اور پیغامِ فاطمیؑ
کارگاہ کے دوسرے روز کی علمی نشستوں کا اختتام مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے شعبۂ تبلیغ کے مسؤول حجۃ الاسلام والمسلمین آقای احسان دانش کے دعائیہ کلمات کے ساتھ ہوا۔
مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے زیرِ اہتمام منعقدہ یہ دو روزہ علمی و تربیتی کارگاہ ایامِ فاطمیہؑ کی مناسبت سے سیرتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا، خطبۂ فدکیہ کے معارف اور تاریخِ فاطمیہؑ کے اہم مباحث کو علمی و تحقیقی بنیادوں پر سمجھنے، مبلغین کی علمی استعداد میں اضافے اور معارفِ اہلِ بیت علیہم السلام کی ترویج کی جانب ایک اہم کاوش قرار دی گئی۔








