اہم خبریںپاکستان کی خبریں

مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے وفد کی مرکز تحقیقات اسلامی بعثت قم کے مسئولین سے اہم ملاقات، شہیدِ امت کانفرنس کی بھرپور کامیابی کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق

وحدت نیوز نیٹ ورک (قم المقدسہ): مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ قم کے اعلیٰ سطحی وفد نے مرکز تحقیقات اسلامی بعثت و تحریک بیداری امت مصطفیٰؐ قم کے مسئولین سے اہم ملاقات کی، جس میں امتِ مسلمہ کے اتحاد، فکری بیداری، ملی انسجام اور پاکستان میں جاری دینی و قومی جدوجہد کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

17 مئی 2026 بروز اتوار قم المقدسہ میں ہونے والی اس ملاقات میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کی جانب سے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین سید ذیشان حیدر الحسنی، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سکندر حیدری، حجۃ الاسلام والمسلمین سید سردار علی اور مولانا منظور حسین حیدری شریک ہوئے۔ جبکہ مرکز تحقیقات اسلامی بعثت و تحریک بیداری امت مصطفیٰؐ قم کی نمائندگی حجۃ الاسلام والمسلمین محمد یزدان حیدر، آقای ہادی مقدم، آقای مصور عباس، سید محمد حسن رضوی، عمران علی نقوی اور عمار یاسر مقدم نے کی۔

ملاقات کے دوران فریقین نے اس امر پر زور دیا کہ امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز کے مقابلے میں وحدت، شعور، فکری بیداری اور باہمی انسجام وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں۔ شرکاء نے رہبرِ شہید کے افکار، نظریات اور عملی جدوجہد کو امتِ مسلمہ خصوصاً ملتِ پاکستان کے لیے ایک مؤثر فکری و انقلابی نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہید رہبر کے خون کی تاثیر نے عالمِ اسلام میں بیداری، مزاحمت اور فکری انقلاب کی نئی روح پیدا کی ہے۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان میں دینی، قومی اور ملی مسائل کے حل کے لیے رہبرِ شہید کے افکار و نظریات کو عوام تک مؤثر انداز میں پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ملتِ پاکستان کو ایک مضبوط فکری اور عملی سمت فراہم کی جا سکے۔

ملاقات میں خصوصی طور پر مینارِ پاکستان لاہور میں منعقد ہونے والی عظیم الشان “شہیدِ امت کانفرنس” کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دونوں اداروں نے اس عظیم عوامی اجتماع کی کامیابی، مؤثر تشہیر اور بھرپور عوامی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے مکمل عزم اور یکجہتی کے ساتھ میدانِ عمل میں اترنے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ 13 جون کو منعقد ہونے والی شہیدِ امت کانفرنس کے سلسلے میں میڈیا مہم، نشر و اشاعت، عوامی آگاہی، مختلف دینی و سماجی شخصیات اور تنظیموں سے روابط سمیت متعدد امور کو باہمی تقسیمِ کار کے تحت مشترکہ طور پر انجام دیا جائے گا تاکہ اس تاریخی اجتماع کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ عوام تک پہنچایا جا سکے۔

نشست کے اختتام پر امتِ مسلمہ کے اتحاد، پاکستان میں دینی و ملی بیداری کے فروغ اور شہداء کے مشن کی ترویج کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ جدوجہد کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Shares:

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *