وحدت نیوز نیٹ ورک (اسلام آباد): مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ اور سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہ دینے پر حکومت اور جیل انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اپنے بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ جیل قوانین کے مطابق ہر قیدی کے بنیادی حقوق ہوتے ہیں، جن میں اہلِ خانہ سے ملاقات بھی شامل ہے، مگر عمران خان کے معاملے میں ان قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
سینیٹر ناصر عباس نے کہا کہ جب اہلِ خانہ کو ملنے نہیں دیا جاتا اور اس رویے کے خلاف احتجاج بھی ممنوع قرار دے دیا جاتا ہے تو ظلم میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔ ان کے مطابق ’’ایسے اوچھے ہتھکنڈے اور گھٹیا اقدامات پاکستان کا عالمی سطح پر منفی تاثر بنا رہے ہیں۔‘‘
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان سمیت تمام قیدیوں کو قانون کے مطابق ان کے حقوق فراہم کیے جائیں اور غیر ضروری پابندیوں کا فوری خاتمہ کیا جائے۔








